سود کی مد میں ادائیگی کیلئے 3 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیے جانے کا انکشاف

موجودہ حکومت نے سود کی مد میں ادائیگی کے لیے 3 ہزار ارب روپے اضافی قرض لیا، مہنگائی کے مسئلے کی وجہ سے یقیناً عوام پریشان ہیں مگر مہنگائی کے صرف ہم ذمہ دار نہیں ہیں: علی محمد خان

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 دسمبر 2021 19:47

سود کی مد میں ادائیگی کیلئے 3 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیے جانے کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2021ء) سود کی مد میں ادائیگی کیلئے 3 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی و وزیرمملکت علی محمد خان کی جانب سے اپنے ایک بیان میں قرضوں کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا گیا۔ وزیر مملکت نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومتوں کی جانب سے لیے گئے قرضوں پر محض سود کی ادائیگی کیلئے 3 ہزار ارب روپے کا قرضہ لینا پڑا۔

حکمراں جماعت کے رہنما نے اعتراف کیا ہے کہ مہنگائی کے مسئلے کی وجہ سے یقیناً عوام پریشان ہیں مگر مہنگائی کے صرف ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔ علی محمد خان کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 4 سال ڈالر کی قدر کو مصنوعی سہارے پر رکھا، پھر مفتاح اسماعیل آئے تو انہوں نے ڈالر کو ڈی ویلیو کیا، جبکہ ہم نے بھی روپے کی اس کی اصل قدر پر چھوڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل ترجمان وزات خزانہ نے بھی قرضوں کے حوالے سے اہم اعداد و شمار جاری کیے تھے۔ ترجمان وزارت خزانہ نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج تک ہونے والے قرض معاہدوں کی تفصیلات جاری کیں۔ 28 نومبر کو نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل اسلم نے بتایا کہ پاکستان نے آج تک آئی ایم ایف سے کل 22 مرتبہ قرض پروگرام لیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی آئی ایم ایف سے سب سے زیادہ مرتبہ قرض پروگرام حاصل کرنے والی جماعت ہے۔ پیپلز پارٹی نے 9 اور ن لیگ نے 4 مرتبہ آئی ایم ایف پروگرا لیے، جبکہ پی پی نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا 10 ارب ڈالرز کا قرض پروگرام لیا۔ جبکہ دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے الزام عائد کیا جاتا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صرف 3 سال میں اتنا قرضہ لے لیا جتنا 72 سال کے دوران بھی نہیں لیا گیا۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن )کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا قرضہ اور واجبات1947 سے 2018 تک 71 سال میں 30 کھرب تک پہنچے جبکہ خان صاحب نے صرف3 سال میں یہ کام کردیا۔ایک بیان میں محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان صاحب نے صرف 3 سال میں ملکی قرضے میں 20 کھرب روپے کا اضافہ کیا۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ایسے شخص نے کیا جس نے قرض کم کرنے اورکبھی بھیک نہ مانگنے کا وعدہ کیا تھا۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں