افرادی قوت کی مطلوبہ مہارت کے لیے تعلیمی اداروں، کارپوریٹ سیکٹر میں روابط انتہائی ضروری ہیں،یونس ڈھاگہ

پیر 6 دسمبر 2021 15:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2021ء) سابق سیکریٹری خزانہ اور ڈائریکٹر ای ایف پی اکنامک کونسل محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ افرادی قوت کی مطلوبہ مہارت کے حصول کے لیے تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ  شعبہ میں روابط انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جو پاکستان کی معاشی ترقی کا باعث بنے گا اور آنے والے کل کے لیے صنعتکار پیدا کرے گا ، اس اقدام سے  برآمدات میں تیزی سے اضافہ بھی ممکن ہے ۔

انہوں نے یہ بات  ''ای ایف پی بریک تھرو چیلنج2021'' میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سابق سیکرٹری خزانہ نے  پہلی کارپوریٹ کیس سٹڈی مقابلے کے انعقاد پر ای ایف پی ٹیم کی تعریف کی جس میں کراچی کے 4 سرکردہ بزنس اسکولوں نے حصہ لیااور 3 ملٹی سیکٹوریل کیس اسٹڈیز پر اپنے نتائج پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارپوریٹ پارٹنرز، دبئی اسلامک بینک پاکستان، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور فوڈ پانڈا کی جانب سے شرکاء کے لیے کیس سٹڈیز تیار کرکے ایونٹ میں تعاون کرنے کو بھی سراہا۔

سینئر ایڈوائزر ای ایف پی فصیح الکریم صدیقی نے معلومات کی منتقلی، تحقیق اور شواہد پر مبنی نتائج کا اشتراک اور اپرنٹس شپ پروگرامز کے ذریعے کارپوریٹ اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ای ایف پی بریک تھرو چیلنج 2021 ایک پل کا کردار ادا کرنے کی جانب ایک قدم ہے جو موجودہ خلا کو پر کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

ای ایف پی کے قائم مقام صدر ذکی احمد خان نے یونیورسٹی کے بورڈ میں صنعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کرکے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے اور فیکلٹی ممبرز کو کارپوریٹ دفاتر میں کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے تعلیمی اداروں کے شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ نے تینوں سیشنز میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کے بعد افتتاحی مقابلہ جیتا۔شرکاء نے طلبا کو کارپوریٹ ایکسپوژر حاصل کرنے کے لیے عملی طور پر ایک ربط پیدا کرنے پر ای ایف پی کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں