سینیٹر فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں جاری نااہلی کیس روکنے کیلئے انٹراکورٹ اپیل ، ہائی کورٹ کی الیکشن کمیشن کو کاروائی جاری رکھنے کی ہدایت

پیر 6 دسمبر 2021 18:01

سینیٹر فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں جاری نااہلی کیس روکنے کیلئے انٹراکورٹ اپیل ، ہائی کورٹ کی الیکشن کمیشن کو کاروائی جاری رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینیٹر فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں جاری نااہلی کیس روکنے کے لیے انٹراکورٹ اپیل پر الیکشن کمیشن کو کاروائی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت نو دسمبر تک ملتوی کردی۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سینیٹر فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن میں جاری نااہلی کیس روکنے کے لیے انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران فیصل واڈا کے وکیل حسنین علی چوہان کی جگہ نعمان پراچہ عدالت پیش ہوئے اور سماعت ملتوی کی استدعا کی۔

(جاری ہے)

جسٹس عامرفاروق نے استفسارکیاکہ الیکشن کمیشن میں سماعت کب ہے جس پر نعمان پراچہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ مجھے کیس کا نہیں پتہ، میں وکیل کے کہنے پر عدالت پیش ہوا ہوں،ہم نے درخواست دوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا نہیں کی تھی،حسنین علی چوہان اہڈووکیٹ کراچی میں ہیں آج پیش نہیں ہوسکتے،جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے سامنے پھر آپ نے نہیں کہنا کہ ہائیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہے،یہ کیس اسی عدالت میں ڈیڑھ سال بھی پڑا رہا،فیصل واؤڈا پہلے بھی ڈیڑھ سال چھپن چھپائی کھیلتے رہے،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت 9 دسمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں