پاکستان تحریک انصاف کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد کا سری لنکا کے ہائی کمیشن کا دورہ، سیالکوٹ کے المناک واقعہ پر سری لنکا کے عوام کے ساتھ افسوس اور یکجہتی کا اظہار

پیر 6 دسمبر 2021 17:40

اسلام آباد۔6دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 06 دسمبر2021ء) :پاکستان تحریک انصاف کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد نے پیر کو جنرل (ر) نعیم خالد لودھی کی قیادت میں سری لنکا کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور سیالکوٹ کے المناک واقعہ پر سری لنکا کے عوام کے ساتھ افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد نے پاکستانی عوام اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے اس المناک سانحہ پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے وکرما، متاثرہ خاندان اور سری لنکا کے عوام سے افسوس کا اظہار کیا۔ وفد نے پاکستان کی سرزمین پر پیش آنے والے بہیمانہ واقعہ کی شدید مذمت کی۔ وفد نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس حوالے سے کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی، ہر پاکستانی متاثرہ خاندان کے غم میں شریک ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے کہا کہ ہم ہجوم کی جانب سے تشدد پر صدمہ میں ہیں اور ان مجرموں کو سزا ملے گی، یہ پاکستانی عوام کی ذہنیت نہیں ہے بلکہ چند شرپسند عناصر نے یہ بے رحمانہ جرم کیا۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ انتہا پسند ہجوم کی جانب سے پریانتھا کمارا دیا ودن پر بہمیانہ حملہ کو دیکھ کر صدمہ پہنچا ہے تاہم ہمیں خوشی ہے کہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان نے اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو سزا دلوانے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی مجرموں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور وہ جیل میں ہیں۔ وجے وکرما نے کہا کہ ننانوے فیصد پاکستانیوں نے سری لنکا کے متاثرہ خاندان کے ساتھ افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، اس واقعہ سے دونوں دوست ممالک کے باہمی تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سری لنکا اور پاکستان کی آزادی کے وقت سے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس واقعہ سے اچھے طریقہ سے نمٹے گی، متاثرہ خاندان اور بچوں کو انصاف ملے گا۔

انہوں نے سری لنکا کے عوام اور متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں شاہد یوسف، سلیمان ملک، شنیلا روتھ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم لودھی (کوآرڈینیٹر)، مصدق گھمن، راجہ منصور خان، بریگیڈیئر سیمسن سائمن شیرف، ارشد داد، کرنل (ر) امان اللہ، نیلوفر بختیار اور ڈاکٹر طلعت انور شامل تھے۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کو پیش آیا جب چند فیکٹری مزدوروں نے سری لنکن مینجر کو حملہ کرکے قتل کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ کا سخت نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی ذمہ دار شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ پولیس نے اب تک 130 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مرکزی ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے جن کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں