آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں سی این جی بندش کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیدیا

سترہ سال پرانی لوڈ منیجمنٹ پالیسی غیر قانونی ہے، کابینہ کو گمراہ کیا گیا ہے خیبر پختونخواہ میں گیس سپلائی بند کرنا توہین عدالت ہے، اعلامیہ

پیر 6 دسمبر 2021 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں سی این جی بندش کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیدیا، سترہ سال پرانی لوڈ منیجمنٹ پالیسی غیر قانونی ہے، کابینہ کو گمراہ کیا گیا ہے خیبر پختونخواہ میں گیس سپلائی بند کرنا توہین عدالت ہے۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ سوئی ناردن کی جانب سے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنا غیر قانونی اقدام ہے جسے مسترد کرتے ہیں ،2005 کی لوڈ منیجمنٹ پالیسی غیر قانونی ہے جس پر کابینہ کو گمراہ کیا گیا ہے،یہ پالیسی غیر موثر ہو چکی ہے کیونکہ اسے دو سال کے لئے لاگو کیا گیا تھا اور اب اسکی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اس لئے اس کی بنیاد پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا ہے پنجاب کے سی این جی سٹیشن آر ایل این جی استعمال کر رہے ہیں اس لئے پنجاب کے سی این جی سٹیشنز کا اس پالیسی سے کوئی تعلق ہے نہ وہ اسکے زیر اثر ہیں پنجاب کا سی این جی سیکٹر درامد شدہ آر ایل این جی استعمال کرتا ہے اور گھریلو صارفین کو گیس دینے کے نام پر اس شعبہ کی گیس بند کرنا سراسر ظلم اور نا انصافی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں گیس کی بندش غیر قانونی ہے کیونکہ عدالت عالیہ نے اس سلسلہ میں حکم امتناعی جاری کیا ہوا ہے اور اس صوبہ میں گیس کی بندش توہین عدالت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں