مسلم لیگ(ن) طلال چوہدری کی زبان کو لگام دے، جیالے قیادت کے خلاف غیر مہذب زبان برداشت نہیں کریں ،فیصل کریم کنڈی

پیر 6 دسمبر 2021 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) والے طلال چوہدری کی زبان کو لگام دے پیپلزپارٹی کے جیالے اپنی قیادت کے خلاف غیر مہذب زبان برداشت نہیں کریں گے۔ ہم نے ایسی ہی زبان میں جواب دیا تو ن لیگ کو بہت تکلیف ہوگی۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ طلال چوہدری کے کردار کی وجہ سے ہی ن لیگی کارکن ان کی پٹائی کرتے ہیں، پھر شرمندگی سے بچنے کے لئے طلال چوہدری کہتا ہے کہ وہ رات کو سیاسی میٹنگ کرنے گئے تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ طلال چوہدری کو چاہیے کہ ہم پر غصہ نکالنے کی بجائے اپنے بھگوڑے لیڈروں کو واپس لائے۔ پنجاب بزدلوں کا نہیں بہادر جوانوں کا صوبہ ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی تو ابھی شروع ہوئی ہے اور ن لیگ کی بوکھلاہٹ قابل دید ہے۔ پی ٹی آئی شکست کے خوف سے میدان سے بھاگ گئی اب بھاگنے کی باری سرکس کے شیروں کی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب کے جیالے سرکس کے شیر کے جبڑے سے اپنی نشستیں نکالیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں