ریاست اسلامی جمہوریہ پاکستان اقلیت سے تعلق رکھنے والے ہر باشندے کو حقوق اور تحفظ فراہم کرنے کاپابند ہے

قومی اسمبلی کے دروازے پسماندہ طبقات کی بحالی کیلئے کام کرنے والی سول سوسائٹی کی تنظیموں کیلئے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں، اسد قیصر سول سوسائٹی کو تعمیری اور مفاہمت کے طریقوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے اور میں بطور سپیکر قومی اسمبلی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کروں گا، خطاب

منگل 7 دسمبر 2021 23:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے سول سوسائٹی کی شمولیت حکومت کی ترجیح ہے،موجودہ حکومت ملک میں سول سوسائٹی کے کردار اور اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور سول سوسائٹی کا معاشرے میں مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،سول سوسائٹی کو تعمیری اور مفاہمت کے طریقوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے اور میں بطور سپیکر قومی اسمبلی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے منگل کے روز اسلام آباد ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل (DRI) کے زیر اہتمام ’’پاکستان میں شہری مقامات،اسٹیک ہولڈر انگیجمنٹ پر نظر ثانی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ قومی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ سول سوسائٹی کا کام معاشرے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کو کامیابی سے پروان چڑھتا ہوا دیکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بچوں کے تعلیم کے ساتھ شیلٹر ہومز بھی بنایے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی کمیٹی اس سلسلے میں کام کر رہی ہے جس میں تمام پارٹیوں کی نمائندگی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بعد جمہوریت کو مزید تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کو ایک جگہ اکٹھا کرکے انکی صلاحیت کے مطابق مواقعے فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دور جدید میں سول سوسائٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان کی سول سوسائٹی نے جمہوریت کے استحکام اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کے لیے پارلیمنٹ کے دروازے ہمیشہ کھولے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں