پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت ،عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 9 دسمبر 2021 18:01

اسلام آباد۔9دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 09 دسمبر2021ء) :پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیرکے علاقے شوپیاں میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے اور ماورائے عدالت ہلاکتیں "ہندوتوا" سے متاثر انتہا پسند بی جے پی۔آر ایس ایس اتحاد کے مسلم مخالف عزائم کی عکاسی ہیں، عالمی برادری  مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو مقبوضہ جموں و کشمیرکے علاقے شوپیاں میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مزید بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج نے رواں سال یکم اکتوبر سے اب تک کم از کم 40 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور نام نہاد ”کریک ڈاون کارروائیوں“ میں شہید کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں اور فوجی کریک ڈائون میں ماورائے عدالت ہلاکتیں "ہندوتوا" سے متاثر انتہا پسند بی جے پی-آر ایس ایس اتحاد کےمسلم مخالف عزائم کی عکاسی کرتی ہیں۔

ظلم کی انتہاءتو یہ ہے کہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں پر قائم رہتے ہوئے بھارتی قابض افواج شہید کشمیریوں کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کرنے سے بھی انکاری ہیں۔ترجمان نے اس بات کی بھی مذمت کی کہ مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی حکام گزشتہ کئی ہفتوں سے کشمیری مسلمانوں کو تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کے ان کے بنیادی مذہبی حقوق سے محروم کر رہے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے اور بھارت کی جاری  منظم اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے کمیشن آف انکوائری سے تحقیقات کرائی جائیں۔پاکستان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں