موٹروے پولیس نے مثال قائم کردی ،سڑک سے ملنے والے 7 لاکھ روپے مالک تک پہنچا دئیے

جمعہ 21 جنوری 2022 00:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) موٹروے پولیس نے مثال قائم کردی ،سڑک سے ملنے والے 7 لاکھ روپے مالک تک پہنچا دئیے۔تفصیلات کے مطابق ابصار نامی شخص اپنی فیملی کے ہمراہ موٹروے پر اسلام آباد سے پشاور کی جانب جاتے ہوئے صوابی کے قریب فون کال سننے رکا، والد کے اترتے ہی بچے بھی گاڑی سے اترنے لگے تو ایک بچے کا پائوں لگنے کی وجہ سے گاڑی میں موجود لیڈیز پرس سڑک پر جاگرا، جس کے بارے میں کسی کو علم نہ تھا۔

پرس میں پانچ تولہ سونے کے زیورات تقریبا 70 ہزار نقد اور اہم کاغذات موجود تھے۔ کال سننے کے بعد ابصار نے اپنا سفر جاری رکھا۔ کچھ دیر بعد دوران پٹرولنگ انسپکٹر امتیاز احمد اور سب انسپکٹر شیرین تاج موقع سے گزرتے ہوئے ان کی نظر پرس پر پڑی، جسے حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے تلاشی لینے پر پرس میں ایک فون نمبر ملا جس پر رابطہ کر کے مالکان کو تلاش کر لیا گیا اور پرس میں موجود لگ بھگ 7 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی ان کے حوالے کر دی گئی۔

(جاری ہے)

جس پر انہوں نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ اس کاروائی کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی (موٹروے نارتھ زون) مظہر الحق کاکاخیل اور سیکٹر کمانڈر ایم ون ذیشان حیدر نے افسران کو شاباش دی اور انعامات کا اعلان کیا۔ اور اس اعادہ کا اظہار کیا کہ موٹروے پولیس اسی طرح عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں