وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کو پائیدار بنانے کے لئے انتھک محنت رنگ لا رہی ہے،فرخ حبیب

3 برسوں میں جی ڈی پی میں 5.37 فیصد نمو کاحصول کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے، وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات کا بیان

ہفتہ 22 جنوری 2022 00:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کو پائیدار بنانے کے لئے انتھک محنت رنگ لا رہی ہے، گزشتہ 3 برسوں میں جی ڈی پی میں 5.37 فیصد نمو کاحصول کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے۔ جمعہ کواپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کو پائیدار بنانے کے لئے انتھک محنت رنگ لا رہی ہے۔

ماضی کی حکومتوں کی کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکائونٹس سے ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی زرمبادلہ کے ذخائر آدھے تھے۔ ماضی کی حکومت نے شرح نمو کو بڑھانے کیلئے 7 ارب ڈالرز کے قرضے لئے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ ہماری حکومت نے مصنوعی طور پر شرح نموع میں اضافہ نہیں کیا۔ کووڈ۔19 کی وبا جیسے عالمی چیلنج سے ترقی یافتہ ممالک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔

گزشتہ 3 برسوں میں جی ڈی پی میں 5.37 فیصد نمو کاحصول کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے اقدامات کی وجہ سے گردشی قرضوں میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ حکومت میں گردشی قرضہ 400 ارب سے زیادہ تھا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی اقتصادی اصلاحات کابین الاقوامی سطح پر اعتراف ہماری کامیاب حکمت عملی پر مہر ثبت کرنا ہے۔ گزشتہ سال زراعت نے 3.48 فیصد، صنعتیں 7.79 فیصد اورخدمات کے شعبہ نے 5.70 فیصد کی بڑھوتری دکھائی۔

ری بیسنگ اورمعیشت میں تبدیلی کیوجہ سے جی ڈی پی مارکیٹ پرائس سال 2021 میں 55.5ٹریلین روپے ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ مجموعی قومی آمدن 59.3 ٹریلین روپے ، فی کس آمدنی 1666 ڈالر ہوگئی ہے۔ پاکستان کی معیشت کا حجم 346.76 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ کووڈ۔19 کی عالمگیروبا کے بعد سال 21-2020 بحالی کا سال تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں