متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر پی ٹی وی، ریڈیو، اے پی پی اور پی آئی ڈی کے تمام آفیشل ہینڈلز، سکرینز، لوگو سائنز اور الیکٹرانک بینرز سوگ کے رنگ میں رہیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

پیر 16 مئی 2022 01:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے تمام الیکٹرانک بینرز اور ویب سائیٹس کے لوگو سائنز سوگ کے رنگ میں بدل دیئے گئے ہیں، یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی کی تمام سکرینز، ریڈیو، اے پی پی، پی آئی ڈی کے تمام آفیشل ہینڈلز، سکرینز اور لوگو سائینز سوگ کے رنگ میں رہیں گے، متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین روز تک ٹی وی اسکرینز اور ویب سائٹس سوگ کے رنگ میں ہی رہیں گی، خطہ خلیج کے تمام خلیجی ممالک نے بھی اسی طرز پر اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے نجی میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ وہ پاکستان کے دوست متحدہ عرب امارات کے عوام سے یک جہتی کے طور پر اپنے الیکڑانک بینرز اور لوگو سائنز کو سوگ کے رنگ میں پیش کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ان تمام نجی چینلز کا شکریہ ادا کیا جو یو اے ای کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے الیکٹرانک بینرز اور لوگو سائنز کو سوگ کے رنگ میں پیش کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں