عمران نیازی نے ریاست مدینہ کے نام پر عوام سے بڑا دھوکا کیا،یہ جھوٹے بیانیے سے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتا،عوام کی خدمت مسلم لیگ ن کا شعار ہے،وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازکا گجرات میں جلسہ عام سے خطاب

پیر 16 مئی 2022 01:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی کشمیر اور نہ ہی پاکستان کا ترجمان بن سکا، صرف فرح گوگی کا ترجمان بنا، ریاست مدینہ کے نام پر عوام سے بڑا دھوکا کیا گیا، عمران نیازی جھوٹے بیانیے سے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتا، بزدار نے پنجاب کو کھنڈرات میں تبدیل کیا، ن لیگ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی، عوام کی خدمت مسلم لیگ ن کا شعار ہے، لوگوں کو مہنگائی کی دلدل سے نکال کر اشیائے ضروریہ کی ارزاں قیمتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

وہ اتوار کو گجرات کے علاقے کوٹلہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ وہ اتوار کو گجرات کے علاقے کوٹلہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ سابقہ دور میں مسلم لیگ کے شیروں پر ظلم ڈھائے گئے، عمران نیازی نے چار سالوں میں اور تو کچھ نہیں کیا، صرف ہمارے قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے کا ایک کام کیا، عمران نیازی تم الٹے ہو گئے، اللہ نے عوام کو دکھا دیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا شیوہ خدمت ہے، تم ان کے خلاف ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جھوٹے سازشی بیانیے سے عوام کو دھوکا دے رہا ہے، نوجوان اس بات کے گواہ ہیں کہ اس نے نوجوانوں کوجھوٹے خواب دکھائے تھے کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، عمران خان نوکریاں تو نہ دے سکا لیکن لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی نے کہا تھا کہ میں خودکشی کر لوں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا، تم نے تو خودکشی نہیں کی لیکن پاکستان کے غریبوں نے اپنے بچوں کی بھوک دیکھ کر خودکشیاں کیں، سابق نااہل حکومت نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے عمران نیازی نے چار سال غریب آدمی کا خون چوسا اور آج بھی جھوٹے بیانیے سے ملک اور قومی اداروں کو دنیا میں بدنام کر رہا ہے، اگر آج اس کا بندوبست نہ کیا تو یہ فتنہ پاکستان کے امن کو کھا جائے گا، عمران نیازی ملک دشمنی سے باز نہ آیا تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ عوام کا مسلم لیگ ن کی قیادت پر بھرپور اعتماد اس بات کی غمازی ہے کہ عمران نیازی کا جھوٹا بیانیہ دم توڑ رہا ہے، ہم دن رات محنت کر کے پاکستان کو قائداعظم کا خوشحال پاکستان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کریں گے جبکہ صوبے کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ سستی چینی اور آٹے کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پینے کے پانی سے محروم چولستان کے عوام کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں