عمران نیازی حکومت جانے پر دن رات ماتم کر رہا ہے، نالائق شخص ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے جان کو خطرے کا نیا جھوٹ بول رہا ہے، آئندہ انتخابات میں عوام عمران نیازی کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے،مریم نوازکا جلسہ سے خطاب

پیر 16 مئی 2022 02:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گجرات کے عوام نے مسلم لیگ نے کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، عمران نیازی حکومت جانے پر دن رات ماتم کر رہا ہے، سابق نااہل حکومت نے ملک اور عوام کے چار قیمتی سال ضائع کئے، نالائق شخص ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے جان کو خطرے کا نیا جھوٹ بول رہا ہے، آئندہ انتخابات میں عوام عمران نیازی کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔

وہ اتوار کو گجرات کے علاقے کوٹلہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ گجرات کے جلسے نے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ کر ن لیگ کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، ماضی میں بھی نواز شریف نے گجرات میں تاریخی جلسے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے جھوٹے اور نوسر باز شخص کا نام لینا بھی پسند نہیں کرتی لیکن پاکستان کی بہن اور بیٹی ہونے کے ناطے میرا فرض بنتا ہے کہ عوام کو اس کے فتنے کے شر سے بچائوں۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے چار سال کھیل کود میں ضائع کئے، عوام کی خدمت میں غفلت برتی، اب جب امتحان کا وقت آیا تو بچوں کی طرح ہیلے بہانے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جعلی خط اور بین الاقوامی سازش کا بیانیہ بری طرح پٹ گیا اور وہ جھوٹا ثابت ہو گیا، اب کہتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، عمران خان جب تک تم حکومت میں تھے تو عوام پر قیامت توڑتے رہے تب تک کوئی سازش نہیں تھی، آج عوام تم سے کارکردگی کا حساب مانگتی ہے، ایک جلسے میں بھی اپنی کارکردگی کا نہیں بتایا، کیسے بتاتا کیونکہ اس کی کارکردگی کا صفحہ خالی ہے، عمران خان سے کہتی ہوں کہ اگر تمھارے پاس ویڈیو ہے تو سامنے لائو میں ضمانت دیتی ہوں کہ نواز شریف تمھیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کرے گا لیکن پہلے کی طرح اس کا یہ بیانیہ بھی جھوٹا ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کرنے والے آج شور مچا رہا ہے کہ مہنگائی ہو گئی ہے، یہ ایسا کہہ کر اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کر رہا ہے کیونکہ ن لیگ کے سابقہ دور حکومت میں ڈالر نوے روپے کا تھا اور آج ڈالر ایک سو نوے روپے تک پہنچ گیا ہے، سابقہ حکومت ملکی معیشت پر بارودی سرنگیں بچھا کر گئی ہے لیکن چار سال کی بدترین کارکردگی کو ن لیگ سے منسوب نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کھیل ہمیشہ کیلئے ختم ہو گیا ہے، توشہ خانہ اور بیت المال چور پہلے سے زیادہ امیر ہو گیا ہے، فرح خان کی کرپشن اور توشہ خانہ چوری کا حساب لیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف جہاں بھی ہو عوامی سیاست کا محور ہوتا ہے، عمران خان جب اگلے انتخابات میں عوام سے ووٹ مانگنے جائو گے تو رانگ نمبر کی آوازیں سننے کو ملیں گی، عوام اگلے انتخابات میں تمھیں عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں