قومی ادارہ صحت نے ملک کے مختلف حصوں میں زیادہ درجہ حرارت کی حالیہ لہر کے تناظر میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی

پیر 16 مئی 2022 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) قومی ادارہ صحت نے ملک کے مختلف حصوں میں زیادہ درجہ حرارت کی حالیہ لہر کے تناظر میں ہیٹ/ سن سٹروک (لو لگنے ) سے متعلق ایڈوائزری (ہدایات )جاری کر دی ہے ۔ یہ ایڈوائزری ہیٹ/ سن سٹروک کی روک تھام کےحوالے سےبروقت اور مناسب اقدامات کے لئے صحت کے متعلقہ اداروں کو جاری کی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ہیٹ سٹروک کی علامات میں گرم اور خشک جلد، کمزوری یا سستی، بخار، سردرد، اور دل کی دھڑکن کا تیز ہونا شامل ہے۔

ہیٹ سٹروک ایک ایسی طبی حالت ہے جس کابروقت مناسب علاج نہ کیا جائے تو یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اس سے اعضاء کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور یہ معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔شیر خوار بچے، 65 سال سے زائد عمر کے افراد ، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض، ایتھلیٹس اور آؤٹ ڈور کام کرنے والے ورکرز کو ہیٹ سٹروک کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈوائزری میں مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر پر بھی زور دیا گیا ہے۔

گرم موسم میں زیادہ پانی پئیں،گرم مرطوب موسم میں یا زیادہ درجہ حرارت والی جگہوں پر براہ راست سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں،گرم موسم میں سر کو ٹوپی سے ڈھانپیں اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں،براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے والے افراد کو وافر مقدار میں پانی/ مشروبات کا استعمال کرنا چاہیے ۔مزید معلومات کے لئے یہ ایڈوائزری قومی ادارہ صحت کی ویب سائیٹ (www.nih.org.pk) پر موجود ہے۔\932

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں