بلوچستان کے علاقے ہوشاب سے مبینہ خاتون خودکش بمبار گرفتار ، خودکش بمبار کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے مجید بریگیڈ ونگ سے ہے ،سی ٹی ڈی

پیر 16 مئی 2022 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے پیر کو بلوچستان کے علاقے ہوشاب سے ایک مبینہ خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کیا ہے، جو پاکستان میں چینی کارکنوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔سی ٹی ڈی کے مطابق خاتون خودکش بمبار کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے مجید بریگیڈ ونگ سے ہے ۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ گرفتار خودکش حملہ آور خاتون چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کے روٹ پر چینی حکام کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، مذکورہ خودکش خاتون بمبار کی گرفتاری کے بعد، سی ٹی ڈی گروپ سے تعلق رکھنے والے دیگر عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مار رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے چند گھنٹے بعد یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی، ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ کراچی حملے میں چینی شہریوں پر حملے کے ذمہ داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لائے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان اقتصادی منصوبوں اور اداروں پر پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کی حفاظت، سلامتی اور تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔یاد رہے کہ جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پر حملہ بی ایل اے ہی کی خاتون خودکش بمبار نے ہی کیا تھا جس میں تین چینی شہری ہلاک ہوئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں