عمران خان ملک کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں،عمران خان روزانہ کی بنیاد پر نئی نئی گری ہوئی حرکتیں کر رہا ہے، پیپلز پارٹی کی رہنما وفاقی وزیر شازیہ مری کی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 19 مئی 2022 01:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں،وہ ملکی سلامتی اور استحکام کو کچھ نہیں سمجھتا،وہ ملک اور قوم کا خیرخواہ کیسے ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےبدھ کو پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران جس طرح کی حرکات پر اتر آیا ہے اسکی نظر میں مقامات مقدسہ کی بھی کوئی اہمیت نہیں رہ گئی۔اس نے مسجد نبوی ؐجس میں لوگ اپنےسکون کیلئے مذہبی عبادت کیلئے جاتے ہیں۔وہاں بھی احترام کو پامال کیا،اپنے چمچوں کے ذریعے ہلڑ بازی کروائی۔انہوں نے کہا کہ عمران اس وقت گری ہوئی حرکات پر اتر آیا ہے۔

(جاری ہے)

روزانہ کی بنیاد پر نئی نئی گری ہوئی حرکتیں کر رہا ہے ہم سب اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔

لوگ عمران سے سوال کرتے ہیں کہ چار سال حکوت کے دوران بڑے بڑے دعوے کئےتھے کہاں ہیں 50 لاکھ گھر،کہاں گئیں ڈیڑھ کروڑ نوکریاں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ان سے اس حوالے سے حساب مانگتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ پچھلی حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ایسے فیصلے لئے کہ معیشت دم توڑ گئی۔عوام پر قرضوں کا بوجھ بہت زیادہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ عمران سے نجات ملکی بقاء کا واحد راستہ تھا اس کیلئے آئینی طریقے سے ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی اور اسے ہٹایا گیا۔

شازیہ مری نے کہا کہ عمران نے جہاں جہاں اس کے پیادے تھے ان کے ذریعے قانون سے کھلواڑ کروایا۔عمران کہیں اپنی کارکردگی کی بات نہیں کرتے ۔آئین کی خلاف ورزی سنگین جرم ہے اسے معاف نہیں کیاجاسکتا۔ہم اس وقت ملکی صورتحال کو فوکس کر رہے ہیں۔اس موقع پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان اس وقت سکیورٹی کیلئے واویلا کر رہے ہیں اس نے شیر پائو کی سکیورٹی اس وقت واپس لے لی جب وہ ایک خود کش حملے میں بال بال بچے تھے۔

اللہ نہ کرے عمران کو کچھ ہو مگر آج وہ زہر دینے کے حوالے بات کر رہے تھے تو ان کے دور میں بھی متعدد اسی طرح کے واقعات ہوئے تھے۔ایک جج صاحب اور خادم رضوی بھی اسی طرح کے واقعہ کا شکار ہوئے تھے۔عمران خان جتنے چاہیں جلسےکریں۔مگر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جب ایک وزیر گھرائو جلائو کی ترغیب دے اور لوگوں کو اکسائے گا تو پھر قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں کہا کہ اب یہ لیکشن کا کہہ رہے ہیں ۔انتخابات انتخابی اصلاحات کے بعد ہوں گے۔وزیر اعظم اتحادی جماعتوں کو اس حوالے سے پہلے اعتماد میں لیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شیخ رشید جو مرضی کہتا رہتا ہے عمران اگر الیکشن کےاتنے ہی شوقین تھے تو عدم عتماد کا انتظار کئے بغیر اسمبلیاں توڑ دیتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں