انسداد سود پر مربوط عملدرآمد یقینی بنانے میں ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، اسلامی نظریاتی کونسل

جمعہ 20 مئی 2022 15:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) اسلامی نظریاتی کونسل نے وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے انسداد سود سے متعلق فیصلے کو سراہتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل اس پر مربوط عملدرآمد یقینی بنانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے 228 ویں اجلاس میں متعدد امور زیر بحث آئے۔ اجلاس کی صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کی۔

اجلاس میں انسداد سود سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کی تحسین کی گئی اور یقین دلایا گیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل اس پر مربوط عمل درآمد یقینی بنانے میں ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔ اجلاس میں بینکوں سے درخواست کی گئی کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل میں نہ جائیں اور ملک میں غیر سودی معیشت کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اسلامی نظریاتی کونسل نے ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی اور نفرت والزامات کے ماحول پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس سلسلے میں مؤقر عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی پہلے ہی قوم سے اپیل کر چکے ہیں۔ کونسل نے قرار دیا کہ موجودہ صورت حال ملک وقوم کے مستقبل کے لیے کسی طور پر نیک شگون نہیں۔ اس سے ملک کی معیشت اور مستقبل کی نسل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ سول سوسائٹی سے اپیل کی گئی کہ ملک بھر کے علماء، وکلاء، پروفیسر صاحبان، تاجر طبقہ آگے آئے اور ایک متفقہ میثاق سیاست کی تشکیل کے عمل کا حصہ بنے۔

اسلامی نظریاتی کونسل بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ کونسل نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز اور ملکی سلامتی کے خلاف مواد کی نشر واشاعت کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے کی جانب سے تیار کیے گئے قواعد کو خوش آئند قرار دیا، تاہم ان قواعد کو مزید جامع بنانے کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے قواعد کے تفصیلی جائزے کے لیے ماہرین قانون و شریعت پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ شرعی اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کسی شہری کا آزادی اظہار رائے کا حق متاثر نہ ہو۔

اجلاس میں دستور ترمیمی بل 2021ء (آرٹیکل 24 اے بابت خواتین کے وراثتی حقوق)، خواجہ سراؤں کے حقوق کے تحفظ کا ایکٹ 2018ء، مجموعہ تعزیرات پاکستان کی متعدد دفعات، ذرائع ابلاغ پر بچوں کی ہراسانی کے انسداد کے لیے تشہیری پیغامات، سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے خاتمے کے قواعد،رؤیت ہلال ایس او پیز، غیر مسلم اراکین پارلیمنٹ کے لیے حلف نامے میں ترمیم، کونسل کی سفارش پر ریپ کیس میں آختہ کاری کی سزا ختم کرنے پر حکومت کی تحسین، مذہب کے نام پر دھوکہ دہی، یکساں قومی نصاب، توازن آبادی، صدارتی ریفرنس بابت احتجاج کے شرعی طریقے، وقف املاک بل 2020ء، سود کے خاتمے سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے سمیت دیگر متعدد امور پر سفارشات منظور کی گئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں