ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ایران کا فراہم کردہ جہاز جلد آپریشن شروع کردے گا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، وفاقی ہاوسنگ مولانا عبدالواسع

ہفتہ 21 مئی 2022 23:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کی خصوصی کوششوں سے ایران نے جہاز فراہم کر دیا ہے جو جلد شیرانی میں آپریشن شروع کردے گا ، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، شیرانی میں پی ڈی ایم اے نے امدادی کیمپ قائم کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوہ سلیمان رینج میں لگی آگ بچانے کے دوران شہید ہونے والے تین افراد کے لواحقین کے لیے دس لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا اور وفاقی حکومت بھی شہدا اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کرینگے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ژوب میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اس سلسلے میں فورسز کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبدالواسع نے اس موقع پر کہا کہ ہم وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہے کہ انہوں نے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ اور ہنگامی صورتحال کو قابو کرنے کے لیے اقدامات کئے اور مجھے فوکل پرسن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شیرانی میرا اپنا حلقہ انتخاب بھی ہے اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کے مشکور ہیں۔ اسی جذبے کے تحت ہم جنگل میں لگی آگ پر قابو پانے کے اور بھی اقدامات کرینگے۔اس سے قبل وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزیر و فوکل پرسن مولانا عبدالواسع۔کمانڈر 12 کور لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی نے کوہ سلیمان رینج میں لگی آگ بجھانے کے آپریشن کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں