وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی قیادت میں پاکستانی وفد ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے 75 ویں اجلاس میں شرکت کر رہا ہے،اس موقع پر وفاقی وزیر مختلف ممالک کے وزرائے صحت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے

اتوار 22 مئی 2022 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی قیادت میں پاکستانی وفد ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے 75 ویں اجلاس میں شرکت کر رہا ہے ، یہ اجلاس 22 سے 28 مئی کو جنیوا میں منعقد ہو رہا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں دنیا بھر کے 194 ممالک سے وزراء صحت اور حکام شرکت کر رہے ہیں- وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ وفد میں وفاقی سیکرٹری صحت عامر اشرف، خواجہ اور ڈی جی ہیلتھ ، رانا صفدر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہیلتھ اسمبلی کا موضوع "امن کیلئے صحت اور صحت کیلئے امن” رکھا گیا ہے- وفاقی وزیر قومی صحت اس کلیدی موضوع پر پاکستان کا ویژن پیش کریں گے۔پاکستانی وفد کی جانب سے کورونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مربوط حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر صحت جنیوا میں مصروف وقت گزاریں گے اور اجلاس میں شرکت کے لئے آئے مختلف ممالک کے وزرائے صحت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں