عمران خان نے خیبرپختونخوا کو سیاسی شکارگاہ بنایا ہوا ہے، اب وہ اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی تیاری کر رہا ہے،محسن داوڑ

پیر 23 مئی 2022 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا ہے کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کو سیاسی شکارگاہ بنایا ہواہے، اقتدار کے دوران سابق وزیراعظم نے صوبے کے حقوق کو نظرانداز کیا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر محسن داوڑ نے کہا کہ سابق وزاعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کو سیاسی شکار گاہ بنایا ہواہے اور وہ وہاں سے اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔

جب وہ وزیراعظم تھے تو ہمارے صوبے کے حقوق کو مسلسل نظر انداز کیا گیا۔ بجلی کے خالص منافع اور گیس رائیلٹی کے مسائل ان کے چار سالہ اقتدار میں حل نہیں ہوئے۔ مشترکہ مفادات کونسل میں ہمارے صوبے کے وسائل پر کٹ لگایا گیا۔ ان کے دور میں آرٹیکل 41 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبے میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہوتی رہی، اب وہ اپنے سیاسی مقاصد کے لئے ہمارے صوبے کو ایک بار پھر استعمال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

محسن داوڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو سوچنا چاہیے کہ جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے صوبے کو نظرانداز کیا اور اسے دہشتگردوں کے حوالے کیا۔ خڑکمر واقعہ سانحہ لیاقت باغ سے بڑا ہے، اس سانحہ پر ان کے وزراء نے اس کا دفاع کیا تھا۔ محسن داوڑ نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے ارکان نے استعفے دیئے ہیں تو ان کی تصدیق کیوں نہیں ہو رہی، سپیکر آفس کو فوری طور پر مستعفی ارکان کو بلا کر استعفوں کی تصدیق کرنی چاہیے تاکہ یہ حلقے عوامی نمائندگی سے محروم نہ رہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں