بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح وبہبود موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیزساجد حسین طوری

پیر 23 مئی 2022 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیزساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح وبہبود موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ملکی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، ایکسپریس ہائی وے کی تعمیر سے علاقے میں تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی، عنقریب ضلع کرم کو گیس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔

پاراچنار میں او پی ایف سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں اور اہل خانہ کو ہر شعبہ زندگی میں سہولیات کی فراہمی اور ان کی شکایات کے ازالے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ وفاقی وزیر نے تعلیم کے شعبے میں او پی ایف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ او پی ایف سمندر پار پاکستانیوں اور دیگر بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں او پی ایف کے سکول کے قیام سے اہل علاقہ کے بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت میسر ہوگی ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت قبائل کو ترقی دینے کیلئے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں حکومت تجارت پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ ایکسپریس ہائی وے کی تعمیر سے علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ریلوے لائن کے ذریعے وسطی ایشیا تک تجارت کو وسعت دی جائے گی جس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ عنقریب ضلع کرم کو گرگری پلانٹ سے گیس کی فراہمی کی جائے گی اور بجلی کی بلاتعطل ترسیل کیلئے 40 ایم وی ٹرانسفارمر کی تنصیب پر بھی جلد کام کا آغاز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا انہیں علم ہے جس کیلئے وہ شبانہ روز محنت کررہے ہیں ،بیرون ملک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے انہوں نے کوششیں شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے سعودی سفیر سے بھی ملاقات کی ہے اور ان کوششوں کے نتیجے میں بیشتر پاکستانی جیلوں سے رہا ہوکر اپنے وطن واپس آگئے ہیں زائرین کی سہولت کیلئے تفتان بارڈر میں دیگر سہولیات کیساتھ ساتھ کاؤنٹرز کو بڑھانے کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں