قومی اسمبلی کی کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر بھارتی حکومت کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت

منگل 24 مئی 2022 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) قومی اسمبلی نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر بھارتی حکومت کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی متفقہ قرارداد کی منظوری دے دی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ یاسین ملک کی ان کی بیوی اور دس سالہ بیٹی سے ملاقات کرائی جائے' عالمی برادری یاسین ملک سمیت کشمیری قیادت کے خلاف بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان کشمیری حریت لیڈر یاسین ملک اور اس کے خاندان پر بھارتی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ان کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور یاسین ملک سمیت پوری کشمیری قیادت کے خلاف بھارتی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ بھارت کی طرف سے کشمیری قیادت کے ساتھ اٹھائے جانے والے یہ مظالم عالمی انسانی و سیاسی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔ قرارداد میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ حکومت کشمیری قیادت پر یہ مظالم بند کرائے اور بھارت کی طرف سے ان کی غیر قانونی حراست اور سیاسی و سماجی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ یاسین ملک کی اس کی بیوی اور دس سالہ بیٹی کے ساتھ ملاقات کرائی جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں