وفاقی وزیر مذہبی امور سے جرمن نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان امور ڈاکٹر جیسپر ویک کی ملاقات، امن و ترقی سمیت متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ

منگل 24 مئی 2022 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے سنجیدہ کوشش کی، افغانستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، حالات بہتر ہونے پر خواتین کو یقینا قومی دھارے میں لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو جرمنی کے نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان امور ڈاکٹر جیسپر ویک سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جرمن سفیر کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاک افغان معاشی و سماجی صورتحال ، خطہ کے امن و ترقی سمیت متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاک افغان عوام مذہبی ، سماجی ، ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں ان کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے سنجیدہ کوشش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک وسیع النظر دین ہے ، خواتین کی تعلیم ، روزگار کے حصول پر کوئی قدغن نہیں، اسلام نے خواتین کے حقوق زیادہ رکھے ہیں جبکہ ان پر ذمہ داریاں کم عائد کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا طالبان بارے غلط تاثر رکھتی ہے، ہمارے نزدیک خواتین کی عزت و تکریم اعلیٰ تعلیم سے زیادہ ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، حالات بہتر ہونے پر خواتین کو یقیناً قومی دھارے میں لایا جائے گا، ہمیں افغانستان کے مسائل کو سمجھنے کیلئے اس معاشرے کے خدوخال کو جاننا ہو گا، انسانیت کے ناطے دنیا کے کسی بھی ملک کو افغان عوام کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے جدید دنیا کو متحرک کر سکتا ہے، مسلمان کشمیر، بھارت، فلسطین اور برما میں دہشت گردی و نسلی کشی کا شکار ہیں۔ جرمن نمائندہ خصوصی ڈاکٹر جیسپر ویک نے کہا کہ جرمنی نے افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کیلئے 8 سو ملین یورو کی انوسٹمنٹ کی ہے ، افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر اور خواتین کی حالت زار تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ او آئی سی اجلاس کے بعد جید علما پر مشتمل ایک وفد افغانستان کا دورہ کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں