وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور سے جرمنی کے نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان امور ڈاکٹر جیسپر ویک کی جرمن سفیر کے ہمراہ ملاقات

منگل 24 مئی 2022 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور سے جرمنی کے نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان امور ڈاکٹر جیسپر ویک کی جرمن سفیر کے ہمراہ ملاقات کی۔ پاک افغان معاشی و سماجی صورتحال ، خطہ کے امن و ترقی سمیت متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پاک افغان عوام مذہبی ، سماجی، ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں ان کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔

پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے سنجیدہ کوشش کی۔ ہمیں افغانستان کے مسائل کو سمجھنے کیلئے اس معاشرے کے خدوخال کو جاننا ہو گا۔ انسانیت کے ناطے دنیا کے کسی بھی ملک کو افغان عوام کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔

(جاری ہے)

جرمن نمائندہ خصوصی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اسلام ایک وسیع النظر دین ہے ، خواتین کی تعلیم ، روزگار کے حصول پر کوئی قدغن نہیں۔

دنیا طالبان بارے غلط تاثر رکھتی ہے، انکے نزدیک خواتین کی عزت و تکریم اعلیٰ تعلیم سے زیادہ ضروری ہے۔ افغانستان خود دہشت گردی کا شکار ہے، حالات بہتر ہونے پر خواتین کو یقینا قومی دھارے میں لایا جائے گا۔ اسلام نے خواتین کے حقوق زیادہ رکھے ہیں جبکہ ان پر ذمہ داریاں کم عائد کی ہیں۔ انہوں نے جرمنی سے مطالبہ کیا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے جدید دنیا کو متحرک کیا جائے۔

خود مسلمان مسلمان کشمیر، بھارت، فلسطین اور برما میں دہشت گردی و نسلی کشی کا شکار ہیں۔ جرمن نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان امور ڈاکٹر جیسپر ویک نے بتایا کہ جرمنی نے افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کیلئے 8 سو ملین یورو کی انوسٹمنٹ کی ہے ۔ آئندہ بھی افغان عوام کیلئے ہر ممکن تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔ افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر اور خواتین کی تعلیم سے متعلق منفی خبریں تشویش ناک ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں