وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات

بدھ 25 مئی 2022 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان بھی موجود تھیں۔

وزیر خارجہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی دور اندیش قیادت میں سعودی عرب کو ترقی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے وزراءخارجہ نے گزشتہ ماہ جدہ میں ہونے والی اپنی پہلی بات چیت کا ذکرکرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس شراکت داری کو باہمی فائدے کے لیے مضبوط کرنے کا عزم کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی کسوٹی پر پورا اترے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی پاکستان کی مسلسل حمایت اور کشمیر کاز پر اس کی مستقل یکجہتی کو سراہا۔

دونوں وزراء خارجہ نے سعودی عرب۔ پاکستان تعلقات کی تزویراتی اہمیت اور معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے بین الاقوامی مسائل پر دونوں فریقوں کے درمیان نظریات کی یکسانیت کا ذکر کرتے ہوئے او آئی سی پلیٹ فارم سمیت ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں