ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.26 فیصدکی کمی ریکارڈ، روزمرہ استعمال کی 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام

جمعہ 27 مئی 2022 22:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.26 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 26 مئی کوختم ہونے والے ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا، 27 اشیا کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتہ میں آٹا کی قیمت میں 12.25 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر6.48 فیصد، چکن 4.41 فیصد، لہسن 2.99 فیصداورایل پی جی کی قیمت میں 0.43 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی، اس کے برعکس آلوکی قیمت میں 8.43 فیصد، ٹماٹر6.33 فیصد، انڈے 6.29 فیصد، باسمتی ٹوٹاچاول 4.71 فیصد، سرسوں کاتیل 4.16 فیصد، دال مسور3.93 فیصد، تازہ دودھ 3.47 فیصد، پیاز 3.03 فیصد، دال چنا2.58 فیصد، دہی 2.35 فیصد، واشنگ سوپ 2.13 فیصد، پکی ہوئی بیف 1.55 فیصد، دال ماش1.33 فیصد، پکی دال 1.32 فیصد، مٹن 1.30 فیصد اوراری چاول کی قیمت میں 1.24 فیصدکااضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.38 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے اوراس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.44فیصد، 0.40 فیصد، 0.35 فیصد اور0.15 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیادپرہوتاہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں