بہت جلد دوبارہ ملکی معیشت کو بہتر کریں گے،پہلی ترجیح روز مرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہے، ملک ابرا ر

جمعہ 27 مئی 2022 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی مشیرسابقہ ایم این اے و ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ نون ملک ابرار احمد نے کہاہے کہ بہت جلد ہم دوبارہ ملکی معیشت کو بہتر کریں گے،پہلی ترجیح روز مرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہے ، آئی ایم ایف معاہدوں کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مجبوری میں بڑھانی پڑیں، راولپنڈی کے عوام نے نااہل عمران خان کی لانگ مارچ کی کال کو ریجیکٹ کر کے ثابت کر دیا کہ عوام ملکی تعمیر و ترقی کیلئے پاکستان مسلم لیگ نون کے قائدین پر بھرپور اعتماد کرتی ہے ، ہم چار سال پہلے 5.8 پر ملکی معیشت کو چھوڑ کر گئے اور اس کھلنڈرے نے اسے منفی میں پہنچا دیا ،ہم عالمی سطح پر کئے گئے ان معاہدوں سے رو گردانی نہیں کر سکتے ، ان شاءاللہ بہت جلد ہم دوبارہ ملکی معیشت کو بہتر کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کے بعد پہلی دفعہ پبلک سیکرٹریٹ نصیر آباد آمد پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ملک ابرار احمدکی پبلک سیکرٹریٹ آمد پر مبارکبادیں دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ، ممبران کنٹونمنٹ بورڈ ،تنظیمی عہدے داران ، یوتھ ونگ ،وکلاء ونگ ، سول سوسائٹی کی کثیر تعداد پبلک سیکرٹریٹ میں موجود تھی ۔

ملک ابرار احمد نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے بعد آپ کی مہربانی ہے جو مشکل وقت میں بھی میرے ساتھ ہر وقت کھڑے رہے اور پارٹی قائدین کا میرے ساتھ ساتھ آپ پر بھی اعتماد کا اظہار ہے۔ملک ابرار احمد نے کہاکہ چار سال پہلے ترقی کے عمل کو جہاں بریک لگا دی گی تھی وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے۔2013 میں ہم اقتدار میں آئے تو ملک میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی،2018 میں ہم سرپلس بجلی چھوڑ کر گے۔

آج کئی پلانٹس بند پڑے ہیں۔آر ایل این جی کا قطر سے سستا ترین معاہدہ کر کے پندرہ سال کیلئے ملک کو انرجی کرائسس سے نجات دلا دی تھی مگر صرف کمیشن کھانے کیلئے ان معاہدوں کو نہ صرف کینسل کر دیا گیا بلکہ اس سے کئی گنا مہنگی خریداری کی گئی۔آج سارے کینٹ میں ان کی نالائقی کی وجہ سے گیس پریشر کم ھے۔اخری چار ماہ میں نہ صرف آر ایل این جی منگوائی نہیں بلکہ آیندہ کیلئے بھی آرڈر نہیں دیے۔ترقی کے اس سفر میں پہلی ترجیح روز مرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ھے تاکہ عوام جس کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر دیا گیا ہے وہ سکھ کا سانس لے سکیں۔آئندہ بجٹ میں بھرپور کوشش ہو گی کہ پہلے کی طرح فلاحی اور رفاعی کاموں کیلیے رقوم مختص کروا سکوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں