پاکستان قابل تجدید توانائی کے شعبے میں چین کی استعداد سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، سی پیک کے تحت مختلف ماحول دوست منصوبے اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، ماہرین

ہفتہ 4 جون 2022 19:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2022ء) توانائی اور ترقیاتی شعبے کے ماہرین نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں چین کی زبردست استعداد سے پاکستان کا توانائی کا شعبہ بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے، اس کی بدولت پاکستان کو توانائی کے بحران پر قابہ پانے میں بھی مدد ملے گی جو گزشتہ چند برسوں کے دوران شدید شکل اختیار کر چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نےہفتہ کو یہاں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام’’سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے اور ماحول دوست رہنما اصول ‘‘کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ برائے استعداد سازی کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔پرائیویٹ پاور اندانفرا سٹرکچر بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہجہاں مرزا نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 400 میگا واٹ کے قریب بجلی گھریلو سطح پر شمسی توانائی سے حاصل کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ بلوچستان کے 9اضلاع جو قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں، میں نجی۔سرکاری شراکت داری کے تحت شمسی توانائی کے منصوبے شروع کر رہا ہے۔اسی طرح صحرائے چولستان میں 1000میگا واٹ کا سولر پارک اس وقت زیر تعمیر ہے۔خیبر پختونخوابورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سربراہ ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے کہا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان کی معاشتی ترقی تیز کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ مقصدانراسٹرکچر کی ترقی، ملک کے اندر رابطے کی بہتر سہولتوں اور سرمایہ کاری و روزگار کے لیے مواقع پیدا ہونے سے حاصل ہو گا۔ تا ہم ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمارے نوجوانوں کو زیادہ ہنر مند ی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ایس ڈی پی آئی کے جائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ ماحول دوست سرمایہ کاری پاکستان کی ماحول کے حوالے سے قومی یقین دہانیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

ہمیں بین الاقوامی اور خصوصاً سی پیک کے تحت سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے واضع مالیاتی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔فیوڈن یونیورسٹی چین کے ڈاکٹر کرسٹوف وانگ نے شرکاء کو بتایا کہ چین میں سی پیک کے منصوبوں کو ماحول دوست بنانے کے عزم کو قواعد میں شامل کر دیا گیا ہے۔ایس ڈی پی آئی کی ڈاکٹر حنا اسلم نے کہا کہ اس فورم کے قیام کا مقصد مختلف سٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی گفتگو کے ذریعے استعداد سازی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

ایس ای سی پی کی ایڈیشنل ڈائریکٹر ناجیہ عبید نے شرکاء کو بتایا کہ ماحول دوست منصوبوں کے لیے ایس ای سی پی گرین بونڈز کی سہولت بہم پہنچاتا ہے۔ایس ڈی پی کے ڈاکٹر ساجد امین نے اس سے قبل ایس ای سی پی کے پائیدار گرین فنانس کے لیے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد عرفان نے کہا کہ سٹیٹ بینک ملک میں قبل تجدید توانائی کے منصوبوں کی ایک سکیم پر عمل درآمد کر رہا ہے۔ ورکشاپ کے دوران جے ایس بینک کے علی حسن، سینٹر فار ایکسلینس فار چائنا پاکستان اکنامک کاریڈور کے ڈاکٹر لیاقت علی شاہ اور محمود گروپ کے انیس خواجہ نے بھی موضوع کے مختلف پہلوؤں پر اپنی آراء پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں