جمعیت علماء اسلام بلوچستان کا افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پردکھ اور افسوس کا اظہار

اتوار 26 جون 2022 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2022ء) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی پارلیمانی و صوبائی مجلس عاملہ کا اجلاس زیر صدارت صوبائی امیر مولانا عبدالواسع ہوا ۔ اجلاس میں پارلیمانی گروپ و صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ایک نکاتی ایجنڈے کو زیر بحث لایا گیا جس میں افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور اپنے مسلمان بھائیوں سے ہر ممکن تعاون اور ان کی مدد کرنے پر اتفاق کیا گیا اس سلسلے میں رکن صوبائی اسمبلی یونس عزیز زہری اور سید عبدالواحد آغا کی سربراہی میں دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ، ایک کمیٹی پارلیمانی اراکین سے مالی معاونت جبکہ دوسری کمیٹی مخیر حضرات سے افغان بھائیوں کی مالی معاونت حاصل کرنے لئے رجوع کرے گی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا کہ افغانستان میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے لہذٰااس وقت غریب افغان عوام کو مالی معاونت کی ضرورت ہے ، جمعیت علماء اسلام مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے تشکیل دی گئی 2مختلف کمیٹیاں اس سلسلے میں پارلیمانی اراکین اور مخیر حضرات سے رجوع کریں گی بلکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں جمعیت علماء اسلام کے ذمہ داران کی جانب سے افغان عوام کی مدد کے لئے امدادی سامان جمع کیا گیا جنہیں جلد ہی افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ آج اتوار سے جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام مختلف اضلاع میں افغان عوام کی امداد کے لئے کیمپ لگائے جائیں گے عوام سے اپیل ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مسلمانوں بھائیوں کے ساتھ تعاون میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں مسلمان کا ساتھ دینا دنیا و آخرت دونوں کی کامیابی کا سامان کرتا ہے ، صدقہ بہت سی برائیوں کا راستہ روکتاہے ، یہ وقت افغانستان کے عوام کے ساتھ تعاون کرنے کا ہے اس لئے ضروری ہے کہ سب بلاتعصب ، رنگ و نسل اپنے بھائیوں کا امداد کرنے کے لئے آگے آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی روایت رہی ہے کہ ہر مشکل وقت میں انہوں نے اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ تعاون میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے جس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں