آئین پاکستان اقلیتوں کی حرمت ، سلامتی اور ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، راجا پرویزاشرف

اسپیکر قومی اسمبلی کا دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں اقلیتی کنونشن سے خطاب

جمعرات 11 اگست 2022 21:45

آئین پاکستان  اقلیتوں کی حرمت ، سلامتی اور ترقی کی ضمانت فراہم کرتا  ہے، راجا پرویزاشرف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2022ء) اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان میں موجود بنیادی حقوق کے باب کا ایک ایک حرف اقلیتوں کی حرمت ، سلامتی اور ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، انہوں نے پاکستان میں بسنے والے غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کی آواز کو اِس ایوان میں بلند کرنے اور مل کر آ نے والے 75 سالوں کے پاکستان کا خاکہ طے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہونے والے اقلیتی کنونشن سے اپنے استقبالیہ خطاب میں کیا ۔ اسپیکر نے کنونشن کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ کنونشن اپنی نوعیت کا پارلیمانی تاریخ کا ایک منفرد کنونش ہے جس میں قومی اسمبلی ہال میں وفاقی وزرا ئ ، اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کے قائدین ، نمائندے اور مذہبی رہنما شریک ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے کہا کہ 11 اگست وہ تاریخی دن ہے جب آج سے 75 سال پہلے اسی نمائندہ ایوان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو پہلی مجلس قانون ساز کا صدر منتخب کیا تھا اور اِس تاریخی موقعہ پر بانی پاکستان نے مملکت ِ پاکستان کا جو آئینی خاکہ پیش کیا تھا اٴْس میں مملکت کا ہر شہری بلا تخصیص رنگ، نسل، مذہب، ذات اور زبان ریاست کا برابر کا شہری قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اِس تاریخی خطاب کے اہم اقتباسات آپ سب نے اس کنونش میں ایک بچے کی زبانی سنے جس نے درحقیقت آپ سب کواٴْس حقیقی ،جمہوری اور مساوات پر مبنی پاکستان کی تصویر دکھائی جس کے خالق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ہیں اور جس کی ضمانت 1973 آئین نے دی ہے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ 11 اگست کے قائد اعظم کے اِس تاریخی خطاب کی روشنی میں اس دن کو قومی یومِ اقلیت قرار دیا گیا اور اسی بنا پر ڈائمنڈ جوبلی قومی کنونشن کی ابتدا بھی پاکستان کے اٴْن باکمال، ہنرمند، وفادار اور معزز شہریوں کے اجلاس سے ہو رہی ہے جو پاکستان کے جھنڈے میں موجود سفید پٹی کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ آئینِ پاکستان جہاں اپنے ابتدایہ میں ایک ایسے پاکستان کا اعادہ کرتا ہے "جس میں قرار واقعی انتظام کیا جائے گا کہ اقلیتیں آزادی سے اپنے مذاہب اور عقیدہ کے مطابق زندگی بسر کر سکیں ، آزدی سے ان پر عمل کر سکیں اور اپنی ثقافتوں کو ترقی دے سکیں۔وہیں آنِ پاکستان میں موجود بنیادی حقوق کے باب کا ایک ایک حرف اٴْن کی حرمت ، سلامتی اور ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔انہوں نے پاکستان میں بسنے والے غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کی آواز کو اِس ایوان میں بلند کرنے اور مل کر آ نے والے 75 سالوں کے پاکستان کا خاکہ طے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں