وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام ''سلام پاکستان شو'' کا انعقاد، گلوکاروں اور فنکاروں نے حاضرین سے خوب داد وصول کی

اتوار 14 اگست 2022 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام ''سلام پاکستان شو'' کے دوران گلوکاروں اور فنکاروں نے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کے زیر اہتمام اتوار کو کنونشن سینٹر میں منعقدہ ''سلام پاکستان شو'' میں مقامی گلوکاروں اور فنکاروں نے ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس پیش کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے میزبان جگن کاظمی اور میکال حسن تھے جبکہ ملی نغموں کے مقابلوں کے فاتح اور معروف موسیقار ساحر علی بگا اور اسرار شاہ دیگر گلوکاروں اور فنکاروں میں شامل تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد سمیت مختلف ممالک کے سفارت کار اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر کنونشن سینٹر کے بیرونی اور اندرونی حصوں کو شاندار طریقے سے سجایا گیا تھا۔ جڑواں شہروں راولپنڈی/اسلام آباد سے بڑی تعداد میں لوگوں نے سبز اور سفید لباس میں ملبوس ہو کر ''سلام پاکستان شو'' میں شرکت کی۔ سلام پاکستان شو تقریباً ایک سو لوک فنکاروں کی اسٹیج پر شاندار پرفارمنس کے ساتھ مسحور کن انداز میں اختتام پذیر ہوا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں