گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ ہی طویل المدتی سیاسی استحکام کا حل ہے،سپیکر قومی اسمبلی

پیر 15 اگست 2022 01:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2022ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ ہمیں ملک کے پائیدار اہداف کو ترجیحی بنیادوں پر حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ ہی طویل المدتی سیاسی استحکام کا حل ہے۔پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ریاست کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے مثبت رویے کی ضرورت ہے کیونکہ طرز عمل میں تبدیلی کے لیے بجٹ یا فنڈز نہیں بلکہ اجتماعی فیصلے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی دانش کی ضرورت ہے، امن پھیلانا فرد واحد کے ہاتھ میں نہیں یہ ہماری بلکہ اجتماعی ذمہ داری ہے، ہمیں ملک کو تقسیم ہونے سے بچانے کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور سپیکر قومی اسمبلی میں نے استعفے قبول کرنا کبھی پسند نہیں کیا۔

(جاری ہے)

جب ان سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے بڑے پیمانے پر استعفے قبول کرنے کے فیصلے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا وہ (پی ٹی آئی ایم این ایز )لاجز میں مقیم ہیں اور ان میں سے اکثر قومی اسمبلی میں واپس آنا چاہتے ہیں ۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم سیاستدان ہونے کے ناطے مذاکرات کو مسترد نہیں کر سکتے، ہمیں اپنے ملک کی خاطر اپنی انا کو ایک طرف رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہر پاکستانی کو ووٹ کا حق دیا تھا۔سپیکر نے زور دیا کہ ہمیں جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے رویے میں مثبت تبدیلی کی تعریف کریں گے۔ اسپیکر نے کہا کہ اگر وہ مثبت بات چیت کے لیے آگے آتے ہیں تو ہم ان کا خیرمقدم کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں