مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مرکزی دستور کمیٹی کا اجلاس ،پشاور کے واقعہ نے تمام سیاسی، عسکری قوتوں کو متحد کر دیا ، بعض سیاسی جماعتیں اور کچھ سیکولر عناصر اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں ، سیکرٹری جنرل جے یو آئی ف،سیکولرعناصر دینی مدارس کے تقدس کو پامال کر کے اپنے آقاوٴں کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،دینی مدارس و مساجد کے خلاف سازشوں کا ہر مقام پر ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت

اتوار 28 دسمبر 2014 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28دسمبر۔2014ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مرکزی دستور کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت جمیعت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری منعقد ہوا۔اجلاس میں چاروں صوبوں کے سیکریٹری جنرل جن میں سندھ سے محمد اسلم غوری ،بلوچستان سے ملک سکندر خان ایڈوکیٹ ،پنجاب سے مفتی محمد مظہر اسعدی اور صوبہ خیبر پختونخواہ سے مولانا شجا ع الملک نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔جتنی قومی یک جہتی کی اس وقت ملک کو ضرورت ہے اس سے قبل نہیں تھی۔ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی ملک کو دیمک کی طرح نقصان پہنچا رہی ہے۔پشاور کے واقعہ نے تمام سیاسی، عسکری قوتوں کو متحد کر دیا ہے۔

لیکن بعض سیاسی جماعتیں اور کچھ سیکولر عناصر اس اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں اور پشاور کے سانحہ کی آڑ میں دینی مدارس اور مساجد کی مسلسل تضحیک کر رہے ہیں جن کا صاف مطلب یہ ہے کہ یہ عناصر قومی یک جہتی کے بجائے قوم کو انارکی کی طرف لیجانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ایسے موقع پر اس قسم کی کوشش مُلک دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔

جمعیت علماء اسلام دینی مدارس اور مساجد کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور دینی مدارس جو اسلام کے قلعے پاکستان کے آئین اور دستور کے مطابق اپنا دینی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔سیکولرزم دراصل دینی مدارس کے تقدس کو پامال کر کے اپنے آقاوٴں کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔جمعیت علماء اسلام ہر ایسی سازش جو قومی یک جہتی کو سبوتاژ کرتا ہو یا دینی مدارس و مساجد کیخلاف سازشوں میں مصروف ہو ان کا ہر مقام پر ڈٹ کر مقابلہ کریگی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں