وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کے وفد کی ملاقات

پیر 20 مارچ 2023 18:44

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے    ترکیہ سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کے وفد   کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ میں فروری میں آنے والے زلزلہ سے ہونے والی تباہی کی حالیہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اس مشکل وقت میں ترکیہ کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاؤلینس کے چیئرمین فاتح کمال کی صدارت میں ترکیہ سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی بھی موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ میں فروری کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تباہی پر ہمیں گہرا دکھ اور افسوس ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اس زلزلے سے ہونے والی تباہی کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو ، ریلیف اور میڈیکل کی ٹیمیں ترکیہ روانہ کیں اور امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکیہ کے اپنے بہنوں اور بھائیوں کو اس کٹھن وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے بھی پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے ۔ وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، صنعت ، توانائی ، مواصلات اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ ڈاؤلینس کے پاکستان میں قائم یونٹ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس انرجی ایفشینٹ مصنوعات تیار کی جا سکیں، ڈاؤلینس کے پاکستان میں پروڈکشن پلانٹ کو ریجنل ایکسپورٹ حب بنانے کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔

وفد نے مزید بتایا کہ ڈاؤلینس نے کراچی کے بعد اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں بھی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیا ہے جو کہ اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان رابطہ ہو گا، اس سینٹر سے انجینئرز کو تکنیکی معاونت اور کیپسٹی بلڈنگ میں مدد ملے گی ۔ وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ آرچلیک (جو کہ ترکیہ کی ایک ہاؤس ہولڈ صنعت ہے ) ترکیہ میں موجود پاکستانی طلبا کو مسلسل دو سالوں سے انٹرن شپ فراہم کر رہی ہے جس سے نہ صرف طلبا کو انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ کئی پاکستانی طلبا اس کمپنی میں ملازمت بھی اختیار کر چکے ہیں۔

وزیراعظم نے ڈاؤلینس کو درپیش تمام آپریشنل مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے وفد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین ، وزیراعظم کے معاون خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں