وزیراعظم صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر (کل)انقرہ میں تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے

جمعرات 1 جون 2023 23:30

وزیراعظم صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر (کل)انقرہ میں تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2023ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر (کل) ہفتہ3 جون کو انقرہ میں صدر اردگان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے دورہ سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوگا۔ وزیراعظم28 مئی کو ترکیہ کے انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر رجب طیب اردگان کومبارکباد دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متنوع اور کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری کو مزید بڑھانے کے لئے ترک صدر کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے۔ بیان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور باہمی اعتماد، علاقائی و عالمی معاملات پر نظریات کی ہم آہنگی سے مضبوط ہوئے ہیں۔ قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے لازوال رشتوں کی ایک اہم خصوصیت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں