ملک کی تعمیر وترقی کے لیے اقلیتی برادری کا کردار قابل ستائش ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 10 اگست 2024 21:06

ملک کی تعمیر وترقی کے لیے اقلیتی برادری کا کردار قابل ستائش ہے، اسپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ اقلیتی برادری نے ہمیشہ ملک کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ ملک کے لیے کی جانے والی قانون سازی اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتی برادری کے قومی دن کے موقعہ پر کیا جو ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے اس ویژن کی یاد دلاتا ہے، جس کا اظہار انہوں نے 11 اگست 1947 کو ملک کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد کا خطاب ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ملک میں اقلیتی برادری کو اپنی عبادات، رسومات اور تہوار منانے کی مکمل آزادی ہے اور پاکستان میں ان کو یکساں حقوق فراہم کیے جائینگے۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان میں موجود اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین ملک کے لیے قانون سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان میں اقلیتی برادری کو یکساں نمائندگی دی گئی ہے، جس کے تٓحت وہ اقلیتی برادری سے متعلق قانون سازی میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔سپیکر نے کہا کہ آج اس تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اقلیتی برادری کو تحفظ فراہم کر کے انہیں یکساں حقوق اور تعلیم و روزگار کے یکساں مواقع فراہم کریں تاکہ وہ بھی ملک کے موثر شہری ثابت ہو سکیں۔

اس موقعہ پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو یکساں حقوق اور انہویں اپنی رسومات منانے کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی برادری کے سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے، جنہوں نے اقلیتی برادری کو ہمیشہ آگے رکھا اور انہیں پارلیمان تک پہنچانے میں یکساں مواقعے فراہم کیے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مشن پر عمل پیرہ ہو کر ہم سب کو اقلیتی برادری کا تحفظ اور ان کو تعمیر و ترقی کے موثر مواقع فراہم کرنے چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں