چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ایچ ای سی کے ویمن امپاورمنٹ مینٹورنگ پروگرام کا افتتاح کر دیا

منگل 12 نومبر 2024 23:15

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ایچ ای سی کے ویمن امپاورمنٹ مینٹورنگ پروگرام کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2024ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے خواتین ملازمین کے لئے ویمن امپاورمنٹ مینٹورنگ پروگرام (ڈبلیو ای ایم پی) کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد اعلیٰ تعلیمی شعبے میں کام کرنے والی خواتین کو ان کی ملازمت کے دوران درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں معاونت فراہم کرے گا۔یہ پروگرام نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (این اے ایچ ای)، ایچ ای سی کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی) پروجیکٹ کے تحت شروع کیا گیا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد خواتین ملازمین کو تعلیمی شعبے میں ترقی کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں ان کے ذاتی اور پیشہ وارانہ مقاصد کے حصول کے لئے بااختیار بنانا ہے۔ یہ پروگرام خواتین کی کمیونیکیشن، نیٹ ورکنگ اور تنازعات کے حل کی صلاحیتوں میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے متعلقہ شعبوں میں مؤثر قیادت بننے میں مدد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء الحق قیوم، منیجنگ ڈائریکٹر این اے ایچ ای نور آمنہ ملک اور عالمی شراکت داروں، ورلڈ بینک، یو ایس ایڈ، برٹش کونسل پاکستان کی اعلیٰ قیادت، وائس چانسلرز، ایچ ای سی اور مقامی تعلیمی اداروں کی سینئر انتظامیہ اور متعدد سرکاری یونیورسٹیوں کے حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے ایچ ای سی اور این اے ایچ ای کے اس اقدام کو بھرپور سراہا جس کا مقصد تعلیمی شعبے میں خواتین کی نمائندگی، صلاحیت سازی اور قیادت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے پنجاب میں حالیہ خواتین وائس چانسلرز کی تقرری کو اعلیٰ تعلیم میں صنفی برابری کی جانب ایک مثبت اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے جس میں تعلیمی اداروں میں مخصوص کوٹہ، تشدد سے بچاؤ کے مراکز کا قیام اور خواتین کے وراثتی حقوق کے فروغ جیسے اقدامات شامل ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام حقوق و فرائض، جوابدہی اور مراعات میں صنفی مساوات کا درس دیتا ہے،پاکستان میں سیاست، تعلیم، عدلیہ اور معیشت میں خواتین کی نمائندگی رہی ہےجو ملک میں یکسانیت پر مبنی اقدار کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی ایسے اقدامات کے لئے پرعزم ہے جو خواتین کی تعلیم میں مساوی شراکت کو فروغ دیتے ہیں، جیسے مختلف علاقوں میں سب کیمپسز کا قیام اور سکالرشپ پروگرامز میں خواتین کے لئے مخصوص کوٹہ مقرر کرنا۔

اس موقع پر نور آمنہ ملک نے کہا کہ اس اقدام کا مرکز خواتین فیکلٹی اور سٹاف کی مینٹورنگ کرنا ہے جس سے انہیں قائدانہ مناصب اور اعلیٰ عہدوں پر ترقی کے مواقع فراہم ہوں گے۔ مینٹورنگ کا عمل انفرادی سیشنز پر مشتمل ہوگا جو شخصی طور پر، آن لائن یا ہائبرڈ فارمیٹ میں دستیاب ہوں گے اور شرکاء کے لئے مخصوص ٹول کٹس اور ماڈیولز فراہم کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں