اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، سید قمر رضا

جمعرات 5 دسمبر 2024 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2024ء) اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سید قمر رضا نے پاکستانی تارکین وطن کی قومی ترقی اور معیشت کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا ہے، دنیا بھر میں تقریباً 11 ملین پاکستانی مقیم ہیں، جو سالانہ 30 ارب امریکی ڈالر سے زائد زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ یہ ترسیلات زر ملکی اقتصادی استحکام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

اپنے بیان میں سید قمر رضا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی میزبان ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو ان کی ضروریات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت رکھنے کے باوجود، اوورسیز پاکستانی اپنے وطن سے گہری محبت رکھتے ہیں اور پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔

دنیا کے مختلف ممالک میں سیاست، انجینئرنگ، آئی ٹی، اور صحت کے شعبوں میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔سید قمر رضا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف معاشی استحکام بلکہ ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، بشرطیکہ انہیں عزت، شمولیت، اور مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان پر بے جا تنقید سے گریز کیا جائے، تاکہ وہ سرمایہ کاری اور مہارت وطن واپس لانے کے لیے مزید پُرعزم ہوں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے اعتماد کو بحال کیا جا سکے اور ملک کی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں