وزیراعظم کی مختلف موٹرویز کی تعمیر مکمل ،تعمیرنو کا جائزہ لینے کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے ،قومی شاہرائوں ،موٹر ویز پر پولیسنگ ،پٹرولنگ بہتر بنانے کی ہدایات

پیر 20 جنوری 2025 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2025ء)وزیراعظم شہباز شریف نے سکھرحیدرآباد موٹروے کی تعمیر، رتو ڈیروگوادر موٹر وے کے بقیہ حصوں کی تعمیر ،حیدرآبادکراچی موٹر وے ،کراچی کوئٹہ چمن قومی شاہراہ اور قراقرم ہائی وے کے کچھ حصوں کی تعمیر نو بارے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے ، ایک ماہ کے اندر موٹر ویز کے تمام حفاظتی جنگلوں کی مرمت کا کام مکمل کرنے، ایسے افراد جو ان حفاظتی جنگلوں کو چوری کرتے یا خریدتے ہیں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لانے اور قومی شاہرائوں ،موٹر ویز پر پولیسنگ اور پٹرولنگ بہتر بنانے کی ہدایات کی ہیں۔

جاری بیان کے مطابق پیر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے امور ،قومی شاہرائوں اور موٹرویز پر حفاظتی اقدامات بارے الگ الگ جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے متعلق اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی شاہراہیں اور موٹر ویز قومی ترقی اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ملک بھر میں بہترین سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے سکھر-حیدرآباد موٹروے کی تعمیر، رتو ڈیرو-گوادر موٹر وے کے بقیہ حصوں کی تعمیر اور حیدرآباد- کراچی موٹر وے کراچی-کوئٹہ-چمن قومی شاہراہ اور قراقرم ہائی وے کے کچھ حصوں کی تعمیر نو کے حوالے سے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان اہم قومی منصوبوں کے حوالے سے تیز تر اور ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ اجلاس کو قومی شاہرائوں اور موٹر ویز پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور ،ساہیوال،بہاولنگر موٹروے کے پہلے فیز لاہورساہیوال پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ،پہلے مرحلے میں لاہور رنگ روڈ تا رائے ونڈقصور روڈ زمین کی خریداری کی جا رہی ہے ، اس موٹر وے سے جنوب مشرقی پنجاب کے کئی اضلاع مستفید ہو سکیں گے۔

قومی شاہرائوں اور موٹرویز پر حفاظتی انتظامات سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے موٹر ویز پر تمام حفاظتی جنگلوں کی مرمت کا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے افراد جو ان حفاظتی جنگلوں کو چوری کرتے ہیں یا ان جنگلوں کو خریدتے ہیں ان سب کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ وزیراعظم نے قومی شاہرائوں اور موٹر ویز پر پولیسنگ اور پٹرولنگ بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو موٹر ویز پر نصب حفاظتی جنگلوں کی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر کی موٹرویز پر 4027کلومیٹرز حفاظتی جنگلے نصب ہیں جن میں سے 859کلومیٹرز حفاظتی جنگلے یا تو چوری ہوئے یا انہیں نقصان پہنچایا گیا ، موٹر ویز حفاظتی جنگلوں کی عدم موجودگی کے باعث پچھلے چار سالوں میں 36حادثات رپورٹ ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پچھلے چار سالوں میں موٹرویز پر حفاظتی جنگلوں کی چوری اور انہیں نقصان پہنچانے کے حوالے سے 178ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موٹرویز کو سٹرٹیجک اثاثہ قرار دینے کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے جس کے بعد موٹر ویز کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں