پاکستان اور رومانیہ کا پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور

جمعہ 14 فروری 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2025ء) پاکستان اور رومانیہ کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی) اور پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈان سٹوئینسکو کے درمیان جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کا مقصد معیشت، ثقافت، تعلیم، ٹیکنالوجی، سیاحت، صحت اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانا تھا۔

اجلاس میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے معزز اراکین بشمول محترمہ زہرہ ودود فاطمی، عقیل ملک، اور صادق علی میمن نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پاکستان-رومانیہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چودھری نے کی۔ رومانیہ کی نمائندگی سفیر پاکستان میں رومانیہ کے سفیر مسٹر ڈین سٹوئینسکو، قونصلر سیکشن کے سربراہ مسٹر کرسٹیان اسٹیلن کوروما اور مسٹر ایڈورڈ رابرٹ پریڈا، چارج ڈی افیئرز/ منسٹر پلینپوٹینٹری نے کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران، دانیال چوہدری نے 1960، 70 اور 80 کی دہائیوں کے دوران پاکستان اور رومانیہ کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعتراف کیا، یہ دور پاکستان کی صنعت کاری بالخصوص تیل، کھاد اور سیمنٹ کے شعبوں میں رومانیہ کی نمایاں تکنیکی شراکت کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے اجلاس نے تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے، غیر استعمال شدہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کیا- دانیال چودھری نے تکنیکی تعاون خاص طور پر ڈرون ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی انٹیلی جنس شیئرنگ، اور نیٹو سے مطابقت رکھنے والی امن فوج کی تربیت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا- انہوں نے اقتصادی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے زرعی ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور آٹو موٹیو انڈسٹری کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی- پاکستان - رومانیہ پی ایف جی کے اراکین نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون میں موجودہ چیلنجز اور رکاوٹوں کا اعتراف کیا اور ان مسائل سے نمٹنے کے لیے عملی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے میں پارلیمانی تبادلوں اور عوام کے درمیان رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ رومانیہ کے سفیر نے یورپی یونین کے اندر پاکستان کی حمایت خاص طور پر ترجیحات کی عمومی اسکیم (جی ایس پی پلس) اور بین الاقوامی فورمز کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل اجتماعی کوششوں سے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ملاقات دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور آنے والے سالوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ اہم پیش رفت پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تعلقات میں ایک سنگ میل کی نمائندگی کرتی ہے، جس سے باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کو فروغ ملے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں