وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم کی سویڈن کی سفیر مسز ایلکزنڈرا برگ وان لنڈے سے ملاقات

جمعہ 14 فروری 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2025ء) وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر برائےماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے خواتین کی اقتصادی ترقی و ماحولیاتی پائیداری کے لیے پائیدار صنعتوں خاص طور پر فیشن کی ری سائیکلنگ کےابھرتے ہوئے شعبے کو بااختیار بنانے کے لیے مناسب اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سویڈن کی سفیر مسز ایلکزنڈرا برگ وان لنڈے سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ری سائیکلنگ اور پائیدار فیشن جیسے شعبوں میں شامل کرکے ہم سبز معیشت کو ترویج دے سکتے ہیں، جبکہ خواتین کو معاشی ترقی کے مواقع فراہم کر کے ان کی اہمیت کو تسلیم بھی کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماحولیاتی چیلنجز کے مقابلے میں خواتین کی زیادہ حساسیت کا ذکر کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں خواتین کو بااختیار بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں رومینہ خورشید عالم نے جنس اور آبادی پر اسٹاک ہوم کانفرنس سے حاصل کردہ قیمتی تجربے کا ذکر کیا، جہاں انہیں عالمی رہنماؤں سے خواتین کے کردار کے بارے میں سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسلام آباد میں ایک اسی نوعیت کی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں علاقائی ممالک کو مدعو کیا گیا تھا تاکہ سبز معیشت میں خواتین کو بااختیار بنانے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات میں خواتین کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ خواتین کا ماحولیاتی اقدامات میں شامل ہونا ایک زیادہ شمولیتی اور پائیدار مستقبل کے لیے ضروری ہے، خواتین، خاص طور پر کمزور علاقوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے غیر متناسب طور پر متاثر ہوتی ہیں، ان کا بااختیار بنانا نہ صرف ان کے مخصوص چیلنجز کو حل کرنے کی ضرورت ہے بلکہ وسیع تر ماحولیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

رومینہ خورشید عالم نے بلوچستان میں جاری فلاحی کاموں کا بھی ذکر کیا، جہاں وہ لڑکیوں، نوعمروں اور خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں، ان کا مقصد مالی آزادی کے لیے ایک راستہ پیدا کرنا ہے جبکہ پاکستان کے سب سے زیادہ موسمیاتی حساس علاقے میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا بھی ہے۔ سویڈن کی سفیر نے رومینہ خورشید عالم کو اسلام آباد میں 26 فروری کو منعقد ہونے والے سیمینار میں مدعو کیا، جس میں سویڈش ٹیکنالوجی کے ماہرین ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے جدید حل پر اپنے خیالات شیئر کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں