دشمن نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر میں بھی عدم استحکام چاہتا ہے،چوہدری انوار الحق

جمعہ 14 فروری 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2025ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ واضح الفاظ میں کہتا ہوں کہ دشمن جس طرح پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ایسی مذموم حرکتیں وہ آزادجموں وکشمیر میں بھی کرنے کی کوششیں کرے گا ، اس سے بچائو اور اپنے تحفظ کے لیے ذہنی اور فکری طور پر تیار رہنا ہے۔

پاکستان سے کشمیریوں کا لازوال اور انمٹ رشتہ ہے۔کلمہ طیبہ سے جڑے ہوئے کشمیریوں اور پاکستانیوں کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کرسکتی،سازشیں کرنے والے ہر جگہ ناکام ہوں گے ،بھمبر میں سول اور فوجداری عدالتوں کے قیام کے لیے فاضل چیف جسٹس عدالت العالیہ سے مشاورت کریں گے اتفاق کی صورت میں ان کی تخلیقی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ باربھمبر کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے وکلاء کالونی کے لیے پختہ سڑک،عرائض نویسوں کے احاطے کی چھت اور اس پر وکلاء کے دفاتر کی تعمیر کے لیے متعلقہ محکمہ کو ہدایات دیں اور بھمبرڈسٹرکٹ بار کے لیے20لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب صدر سینئرقانون دان چوہدری منظور حسین ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری چوہدری حفیظ ایڈووکیٹ، نائب صدر ثمرہ عزیز،نائب صدرمرزامظہراقبال، جوائنٹ سیکرٹری داؤد آفتاب اور سیکرٹری لائبریری چوہدری معین الرحمن مرتضی سبحانی ایڈووکیٹ سمیت جملہ عہدیداران کومبارکبادپیش کی۔

تقریب میں سینئرقانون دان راجہ مظہراقبال ایڈووکیٹ چوہدری عارف سرفراز،چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی بار کونسل مرزا صغیرحیدرجرال،سابق چیئرمین بلدیہ مرزا اجمل جرال،چوہدری نجیب ایڈووکیٹ،راجہ شفیق اللہ خان ایڈووکیٹ،اوورسیز پاکستانی ظہیرالاالسلام، سماہنی برنالہ سیجملہ وکلا، بلدیاتی نمائندگان ، سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین،صدر بارسماہنی چوہدری منیراللہ ایڈووکیٹ،صدر بار برنالہ مرزا اعجاز جرال،صدربارایسوسی ایشن بھمبر چوہدری منظورحسین ایڈووکیٹ کے اہلخانہ،وادی کالچھ سماہنی سے قریبی عزیزو اقارب و دیگرنے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کا لے کوٹ کی عظمت کو برقراررکھنے والے عظیم وکلا کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں اور انہیں مبارکبادپیش کرتا ہوں،میں خودبھمبر بار کا ممبر ہوں تواس لیے زیادہ قابل فخر لمحہ ہے،وکلاصاحبان کی کاوشوں کوسلام پیش کرتے ہیں،معاشرے میں حق کی بات کرنا مشکل ہے،22 ماہ میں مخالفین نے ہردن میری رخصتی کی تدبیروں میں گزارا۔

وزیراعظم کے اختیارات کا ناجائز استعمال بند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس سسٹم کو برقرار کیا، تین ارب روپے کی بچت صرف ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کی، 71 ارب روپے کا خسارہ برداشت کیا، اخراجات کواگر کنٹرول میں رکھا گیا تو سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کا سلسلہ چلتا رہے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کا بجٹ خود بناتا ہوں اسے کسی بیوروکریٹ پر نہیں چھوڑتا،کابینہ اسے بعد میں دیکھتی ہے۔

31دسمبر تک ٹیکس ریٹرن کانصف سے زائد ہدف حاصل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھمبر ہسپتال میں بہتری آئی ہے تاہم ریوینیو اور پولیس کے لیے اصلاحات ضروری ہیں ۔ چوہدری انوار الحق نے کہا کہ دشمن نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر میں بھی عدم استحکام چاہتا ہے جس کے لیے آپ سب لوگ متحد ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھمبر میں ایڈیشنل فوجداری عدالت کے قیام کے لیے فاضل چیف جسٹس سے مشاورت کروں گا۔

ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر ہائی کورٹ کا مستقل سرکٹ بینچ ہونا چاہیے ۔ انہوں نے بھمبر میں ایڈیشنل کمشنر، وکلاء کی رہائشی کالونی کے لیے روڈ کی منظوری اور ڈسٹرکٹ بار کے لیے 20 لاکھ روپے اور وکلاء کے دفاتر کے لیے معقول وسائل فراہم کرنے کا اعلا ن کیا۔ نومنتخب صدرڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن چوہدری منظور حسین ایڈووکیٹ نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری انوارالحق پرفخر ہے کہ وہ ڈسڑکٹ بار کے ممبر بھی ہیں اور وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہیں،ریاستی خدمات پر سلام عقیدت ،تمام کاوشوں کو سلام پیش کرتےہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں