اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا بلوچستان میں آپریشن کے دوران میجر سعد بن نذیر کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 21 مارچ 2025 01:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں آپریشن کے دوران باغ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے میجر سعد بن نذیر کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے میجر سعد بن نذیر کی جرات اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ شہید سعد بن نذیر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی اہلیہ کے بھانجے تھے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے بھی اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ وطن کی خاطر قربانیاں دینے والے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جری سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاک فوج ملک کے بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نےمیجر سعد شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید میجر سعد نذیر کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہید میجر سعد نذیر کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں