جنوبی باغ کے سینکڑوں متاثرین نے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال کی دھمکی دیدی یونین کونسل ٹوپی اور راولی میں 25ہزار کی پہلی قسط لینے والے سینکڑوں افراد کو دوسری قسط سے محروم کردیا ،این آر ایس پی اور دیگر اداروں کے اس اقدام سے عوام کے اندر فوج کیخلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ‘صدر مشرف اور اقوام متحدہ نوٹس لیں ‘سردار مختیار و دیگر کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 20 ستمبر 2006 13:21

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 ستمبر2006 ) جنوبی باغ میں زلزلہ متاثرین پر ایک اور زلزلہ ،سینکڑوں متاثرین مکانات کے معاوضوں سے محروم ہوگئے 25ہزار روپے کی قسط لینے والے متاثرین کو این آر ایس پی اور دیگر اداروں نے معاوضوں کی دوسری قسط روک دی درجنوں افراد 25ہزار کی پہلی قسط سے بھی محروم ہیں حکومت پاکستان اور اقوار متحدہ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کے لیے اقدامات کرے ایک ہفتہ کے اندر معاوضوں کا معاملہ حل نہ ہوا تو یونین کونسل ٹوپی اور راولی کے متاثرین پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے این آر ایس پی میں بعض مقامی ملازم پسند و ناپسند اور رشوت لے کر معاوضوں کے کیس بناتے ہیں ۔

اعلیٰ حکام نوٹس لیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جنوبی باغ سے تعلق رکھنے والے متاثرین سابق چیئرمین زکوٰة سردار مختار خان ، عبد الرحمن ، حاجی خورشید ، سردار معروف محمد جمیل راجہ محمد خالد اور دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جنوبی باغ کی دو یونین کونسل راولی اور ٹوپی میں سینکڑوں متاثرین جن کو پہلے 25ہزار کی قسط ملی ہوئی تھی ان کو دوسری قسط سے محروم کردیا گیا ہے تمام کیس مسترد کرکے متاثرین کو در بدر کردیا پوچھنے پر کوئی معقول وجہ بھی نہیں بتائی جاتی گاؤں نڑیولہ میں اس وقت تک 200سے زائد متاثرین کو دوسری قسط نہیں دی گئی انہوں نے بتایا کہ ابھی تک اس گاؤں میں درجنوں ایسے افراد بھی موجود ہیں جن کے پاس چھت موجود ہے لیکن ان کو پہلی قسط بھی نہیں ملی انہوں نے کہا کہ این آر ایس پی کا ملزم افتخار جو کہ مقامی تھا ذاتی پسند و ناپسند کی بنا پر اور لوگوں سے رشوت لے کر معاوضوں کے کیس بنائے اور سینکڑوں افراد کو ان سے محروم کردیا متاثرین نے بتایا کہ اس طرح گاؤ کلری ٹوپی ڈھکی پندی کوٹھیاں ، چترہ ٹوپی اور دیگر علاقوں میں سینکڑوں افراد کو معاوضے نہیں دیئے گئے متاثرین نے بتایا کہ آگے برف باری کا موسم شروع ہونے والا ہے اگر ان افراد کو معاوضے نہ دیئے گئے تو ایک اور بڑا سانحہ جنم لے سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری عالمی اداروں اور حکومت پر عائد ہوگی انہوں نے حکومت پاکستان ، صدر مشرف اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ وعدوں کے مطابق تمام زلزلہ متاثرین کو مکانات کے لیے معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائیں انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر معاوضوں کا معاملہ حل نہ کیا گیا تو سینکڑوں متاثرین دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے انہوں نے بتایا کہ این آر ایس پی کی ان کارروائیوں سے عوام کے اندر فوج کیخلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں