اسلام آباد کی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے شجر کاری کے دورا ن تقریباً03 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ،ْاجلاس میں فیصلہ

اسلام آباد کی خوبصورتی اور ہریالی ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے ،ْشیخ انصر عزیز کا اجلاس سے خطاب

منگل 7 فروری 2017 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء)سی ڈی اے اورمیٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد( ایم سی آئی) نے سال2017ء کے موسمِ بہار کی شجر کاری کے لیے وسیع اور جامع انتظامات کیے ہیں، شہرِ اسلام آباد کی خوبصورتی اورہریالی کو مزید بڑھانے کیلئے سال 2017ء کی موسمِ بہار کی شجر کاری کے دورا ن تقریباً03 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

یہ تفصیلات آئندہ شجرکاری مہم کے بارے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران بتائی گئیں ۔جائزہ اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے شجر کاری موسمِ بہار2017 ء کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے اعلیٰ سطح کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی اور ہریالی ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے ۔

شہر میں ترقیاتی کاموں کے دوران ماحول کے تحفظ پر بطور خاص توجہ دی جاتی ہے۔ شہر میں زور وشور سے جاری ترقیاتی کاموں کے باوجود شہر کی خوبصورتی اور ہریالی کو محفوظ رکھا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے بطورِ خاص ہدایت کی کہ آئندہ شجر کاری کے دوران لگائے گئے نئے پودوں کی نشوونما کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شجر کاری کے دوران مقامی انواع و اقسام کے پودوں کو ترجیح دی جائے۔جائزہ اجلاس کے دوران میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ موسمِ بہار 2017 کی شجر کاری کا آغاز ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب سے کیا جائیگا تقریب روز اینڈ یاسمین گارڈن ،شکر پڑیاں میں 09 فروری2017ء کو منعقد کی جائیگی۔ تقریب میں معاشرے کے تمام طبقوں کے افراد اور نمائندے شرکت کریں گے۔

اسلام آباد چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، سول سوسائٹی، سرکاری و نیم سرکاری ادارے، این جی اوز اور مختلف تعلیمی اداروںکے نمائندے کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو دورانِ اجلاس مزید بتایا گیا کہ ادارہ کی طرف سے سال میں دومرتبہ شجر کاری کی مہم منعقد کی جاتی ہے۔شجر کاری کی ان مہموں کا مقصد شہر کی ہریالی کو برقرار رکھنا اور شہریوں کی توجہ اس مقصد کی طرف مبذول کروانا ہوتا ہے۔ اجلا س کے دوران مزید بتایا گیا کہ رواںسال موسمِ بہار کی شجر کاری کے دوران اسلام آباد ایکسپریس وے ،کھیل کے میدان ، پارکس ،مارگلہ ہلز نیشنل پارک، سملی ڈیم کے اردگرد کے علاقے ،H-10 ،H-11 اور کشمیر ہائی وے پر خصوصی توجہ دی جائے گی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں