معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، توانائی کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں،ڈاکٹر عبداللہ گل

جمعہ 17 فروری 2017 11:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر عبداللہ گل نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور توانائی کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک اہم ملک ہے ، یہ دنیا کو اس لئے کھٹکتا ہے کیونکہ یہ اسلام کے نام پر بنایا گیا اور مسلم دنیا کی پہلی جوہری طاقت ہے جبکہ دوسری وجہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت ملک اقتصادی شعبے میں ترقی ، چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کا اجراء اور توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ تمام چیزیں بھارت کو ہضم نہیں ہو رہیں جس کے باعث وہ انتہا پسندی کو ہوا دے رہا ہے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لئے افغانستان کی سر زمین استعمال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ افغانستان کو یہ بات فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ جب روس نے اس پر حملہ کیا تو اس وقت پاکستان نے اس کا بھرپور انداز میں ساتھ دیا اس کے مہاجر عوام کو ملک میں خوش آمدید کہا اور آج وہ بھارت کے مزموم عزائم کی تکمیل کے لئے بھارت کا ساتھ دے رہا ہے۔

عبداللہ گل نے کہا کہ بھارت خطے میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے عیاری کے ساتھ افغان عوام کو استعمال کر رہا ہے جس میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔ دفاعی تجزیہ کار نے کہا کہ بھارت کو عقل سے کام لینے کی ضروت ہے کیونکہ اس کی تجارت،توانائی اور گیس بحران پر قابو پانی کے لئے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنا چاہیں، دنیا پاکستان کی اس اہمیت سے اگاہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ روس اور چین سمیت کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری اس سلسلے کی پہلی کڑی ہیں اور دنیا بھر کی خوشحالی کا راستہ اس کے بعد شروع ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں