قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اہم اجلاس (آج) ہوگا

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معاملے پر دفتر خارجہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا جائے گا

اتوار 26 فروری 2017 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 فروری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اہم اجلاس (آج) پیر کو پارلیمنٹ لاجز میں ہوگا‘ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور معاملے پر دفتر خارجہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا جائے گا‘ اہم اجلاس میں شرکت کے لئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو بھی مدعو کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اہم اجلاس (آج) پیر کو دن ساڑھے گیارہ بجے چیئرمین کمیٹی بابر نواز کی زیر صدارت اولڈ پیپس ہال پارلیمنٹ لاجز میں ہوگا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر غور کیا جائے گا جبکہ وزارت خارجہ حکام کی طرف سے کمیٹی کو عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس مقصد کے لئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو بھی کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد منظور ہونے کا بھی امکان ہے۔ (ن غ / ا ر)

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں