انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وسیم احمد جنجوعہ

پیر 21 مئی 2018 14:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدرکرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے نیپال میں کھیلے گئے انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے چار میڈلز حاصل کئے جن میں دو سونے جبکہ چاندی اور کانسی کا ایک، ایک تمغہ شامل ہے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں چار پاکستانی کھلاڑیوں نے شرکت کی اور چاروں کھلاڑیوں کا چیمپئن شپ میں تمغے حاصل کرنا ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمگیر نے 58 کلوگرام اور وقار نے 87 کلوگرام میں سونے کے تمغے جبکہ عدنان نے 68 کلوگرام میں چاندی اور رفیع اللہ نے کاتا میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 17 مئی سے 20 مئی تک کھیلی گئی جس میں چودہ ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ نے سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کیلئے منعقد کروائی ہے اور ہماری حکومت کو بھی چاہئے کہ اسی طرح کے مقابلے منعقد کروائے تاکہ کھلاڑیوں کی تربیت میں اضافہ ہو سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیپال انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں رزلٹ توقع کے مطابق ہے کیونکہ ہمارے کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھر پور تیاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ شرکت کرے گی۔ یہ چیمپین شپ 22 سے 28 مئی تک ویتنام میں کھیلی جائے گی۔ قومی ٹیم تین کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر متشمل ہوگی کھلاڑیوں میں شاہ زیب خان، عمر سعید اور علی ذر اقبال شامل ہیں جبکہ ٹیم کے ہمراہ جلال حیدر خان بطور منیجر اور کورین کوچ بطور کوچ ہوں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے دیگر کھیلوں کی طرح تائیکوانڈو کے کھیل پر بھی توجہ دے تاکہ تائیکوانڈو کے کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر مزید ملک کا نام روشن کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں