پاکستان سپورٹس کمپلیکس کا لیاقت جمنازیم چار ماہ گزر جانے کے باوجود دوبارہ کھل نہ سکا ،

ایشین گیمز کیلئے قومی ہینڈ بال اور والی بال ٹیم کے تربیتی کیمپس متاثر ایک ماہ میں لیاقت جمنازیم کا کام مکمل کرکے اسے کھیلوں کیلئے دوبارہ آپریشنل کر دیا جائیگا ، عارف ابراہیم

منگل 17 جولائی 2018 14:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) پاکستان سپورٹس کمپلیکس کا لیاقت جمنازیم چار ماہ گزر جانے کے باوجود دوبارہ کھل نہ سکا جس کے باعث ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے قومی ہینڈ بال اور والی بال ٹیم کے تربیتی کیمپس متاثر ہونے لگے ۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال کے آغاز میں بارشوں کے باعث لیاقت جمنازیم کی چھت کی لیکج کے باعث پاکستان سپورٹس بورڈ نے لیاقت جمنازیم اسلام آباد کی مرمت کا کام رکوا دیا تھا جس کے باعث لیاقت جمنازیم میں اس عرصے کے دوران کھیلوں کی کوئی بھی قومی یا انٹرنیشنل چیمپین شپ منعقد نہیں کروا ئی جا سکی جبکہ لیاقت جمنازیم بند ہونے کے باعث ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے والی بال ، ہینڈ بال دیگر کھیلوں کیلئے لگائی جانیوالے تربیتی کیمپس بھی دوسری جگہ پر منتقل کر دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لیاقت جمنازیم اسلام آباد کی مرمت کا کام 95فیصد مکمل ہو چکا ہے اور بارشوں کے پانی سے لیاقت جمنازیم کی چھت ٹپکنے کی وجہ سے وہاں جاری کام بند کوا دیا گیا تھا ۔ پی ایس بی انتظامیہ نے لیاقت جمنازیم کی مرمت اور چھت کی لیکج روکنے کیلئے کنٹریکٹر کولیاقت جمنازیم ہینڈ آور کیا لیکن تاحال جمنازیم کا کام مکمل کرکے دوبارہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو واپس ہینڈ آور نہیں کیا گیا اور اس دوران نیب کی جانب سے بھی سپورٹس بورڈ کی کرپشن کے حوالے سے سوالات اٹھنا شروع ہو گئے تھے اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پاکستان سپورٹس بور ڈکے ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم کا کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ کی کوشش ہے کہ لیاقت جمنازیم کا کام جلد مکمل کرکے اسے فوری طور پر کھیلوں کیلئے دوبارہ آپریشنل کر دیا جائے جبکہ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہے ۔

عارف ابراہیم نے امید ظاہر کی کہ ایک ماہ میں لیاقت جمنازیم کی چھت سمیت دیگر تمام مسائل کو حل کرتے ہوئے مختلف سپورٹس ایونٹس کیلئے لیاقت جمنازیم کو آپریشنل کر دیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں