ملک میں تیراکی کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، میجر (ر) ماجد وسیم

منگل 23 اکتوبر 2018 12:02

ملک میں تیراکی کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، میجر (ر) ماجد وسیم
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کے میجر(ر) ماجد وسیم نے کہا ہے کہ ملک میں تیراکی کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سوئمرز کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو ضلعی سطح کے علاوہ تعلیمی اداروں میں سوئمنگ کے پول تعمیر کروانے چاہئے تاکہ طلباء و طالبات اس کھیل سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں میں کثیر تعداد میں طلباء و طالبات تیراکی کی پریکٹس کرتے ہیں۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول میں روزانہ آٹھ سو سے ایک ہزار تک لوگ سوئمنگ کرتے تھے اور تعداد زیادہ ہونے کی بنا پر بہت زیادہ بچوں اور بچیوں کو سوئمنگ کی ممبر شپ نہیں ملتی، حکومت ضلعی سطح کے علاوہ تعلیمی اداروں میں سوئمنگ پول تعمیر کروائے تاکہ اس صحت مندانہ سرگرمی سے ہر افراد فائدہ اٹھا سکے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں میجر (ر) ماجد وسیم نے کہا کہ پاکستان سوئمنگ فیڈریشن سال میں تین ایونٹس کا انعقاد کرواتی ہے جن میں آل سکولز سوئمنگ چیمپئن شپ، جونیئر چیمپئن شپ اور سنیئر چیمپئن شپ شامل ہے۔ اس طرح پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سوئمنگ چیمپئن شپ آئندہ ماہ 2 سے 4 نومبر تک لاہور میںکھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ کی تیاری زور و شور پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 11 ٹیموں کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئرفورس، پاکستان واپڈا، ہائرایجوکیشن کمیشن، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہونگے جن میں فری سٹائل، انفرادی میڈلے، بریسٹ سٹروک، بٹربلافلائی، فری سٹائل ریلے، واٹر پولو، بیک سٹروک اور میڈلے ریلے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ٹیمیں یکم نومبر کو لاہور پہنچیںگی اور اسی روز شام کو شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کا اجلاس ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان اور چیمپئن شپ کے قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 4 نومبر تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں